ETV Bharat / sports

Pakistan VS England First Test انگلینڈ کے 657 رنز کے جواب میں پاکستان نے 181 رنز بنالیے

author img

By

Published : Dec 2, 2022, 7:13 PM IST

عبداللہ شفیق اور امام الحق
عبداللہ شفیق اور امام الحق

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغٓاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا اور گرین کیپس نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 181 رنز بنا لیے ہیں-Pakistan VS England First Test

راولپنڈی: انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پہلی اننگز میں 657 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ دن کے اختتام تک پاکستان نے اوپنرز کی نصف سنچریوں کی بدولت بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالیے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف 4 بلے بازوں کی سنچریوں کی مدد سے 112 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے صرف 75 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں پر 506 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ نے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 506 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کیا اور ابتدا ہی میں کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ان کے بعد لیام لیونگ اسٹون کو بھی نسیم شاہ نے 9 رنز پر آؤٹ کیا۔مڈل آرڈر بلے باز ہیری بروک نے شاندار بلے بازی کا سلسہ جاری رکھا اور 116 گیندوں پر 5 چھکوں اور 19 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ہیری بروک کو بھی نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔اپنی شاندار اور جارحانہ 153 رنز کی اننگز کے دوران ہیری بروک نے سعود شکیل کے اوور میں 6 گیندوں پر 6 چوکے بھی لگائے ۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن ان 4 وکٹوں کے حصول کے لیے انہیں 235 رنز کی مار بھی برداشت کرنی پڑی۔ان کے علاوہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے 140 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو انگلینڈ کے مقابلے میں سست رفتار سے رنز بنائے تاہم دوسرے روز کے اختتام تک اوپنرز نے آؤٹ ہوئے بغیر ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔عبداللہ شفیق اور امام الحق نے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا اور انگلینڈ کے باؤلرز کا پراعتماد انداز میں سامنا کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 81 رنز بنا لیے تھے۔عبداللہ شفیق نے 158 گیندوں کا سامنا کرکے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔امام الحق نے 148 گیندوں میں 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 90 رنز بنائے۔پاکستان کے دونوں اوپنرز نے دن کے اختتام تک کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔

گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد انگلش ٹیم نے 4 بلے بازوں کی سنچریوں کی مدد سے 112 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے صرف 75 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں پر 506 رنز بنا لیے تھے اور اس دوران مہمان ٹیم نے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے تھے۔

یو این آئی۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.