ETV Bharat / sports

ICC Test Rankings: اشون اور مینک کی ٹیسٹ درجہ بندی میں بہتری

author img

By

Published : Dec 9, 2021, 3:23 AM IST

تجربہ کار بھارتی اسپنر روی چندرن اشون اور سلامی بلے باز مینک اگروال نے ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ ICC Test Rankings میں بہتری حاصل کی ہے۔

اشون اور مینک کی ٹیسٹ درجہ بندی میں بہتری
اشون اور مینک کی ٹیسٹ درجہ بندی میں بہتری

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم Wankhede Stadium Mumbai میں کھیلے گئے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں چار چار وکٹ لینے کی بدولت اشون گیند بازی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، وہیں سلامی بلے باز مینک اگروال پہلی اور دوسری اننگز میں بالترتیب 150 اور 62 رنز بنانے کے بعد بلے بازی کی درجہ بندی میں 31 درجے کی چھلانگ لگا کر 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بشکریہ ٹویٹر
بشکریہ ٹویٹر

مینک اگروال کے کریئر کی بہترین رینکنگ 10 ہے جو انہوں نے نومبر 2019 میں حاصل کی تھی۔ وہیں اشون کو آل راؤنڈر رینکنگ میں بھی ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور اب وہ جیسن ہولڈر کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ البتہ رویندر جڈیجہ آل راؤنڈر رینکنگ میں چوتھے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق بھارتی بلے باز شبھمن گل کو بھی 21 درجے کا فائدہ ہوا ہے اور وہ اب 45 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ تیز گیندباز محمد سراج 4 درجے بہتری کے ساتھ گیند بازوں کی فہرست میں 41 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ دوسرے ٹیسٹ میں شاندار بالنگ کرتے ہوئے ایک اننگ میں 10 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دینے والے نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر اعجاز پٹیل 23 درجے کی چھلانگ لگا کر 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اعجاز پٹیل نے پورے میچ میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے ہم وطن ڈیرل مچل نے بیٹنگ رینکنگ میں 26 مقام کا فائدہ اٹھایا ہے اور اب وہ 78 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اس درمیان سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر گیندبازی رینکنگ میں ایک مقام کے فائدے کے ساتھ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ وہ آل راؤنڈر رینکنگ میں بدستور ٹاپ پر ہیں۔ ان کے ٹیم ساتھی کریگ بریتھویٹ اور نکروماہ بونر کو بھی بیٹنگ کی درجہ بندی میں فائدہ ہوا۔ بریتھویٹ 10 درجہ ترقی کر کے 39 ویں اور بونر 17 درجے کی چھلانگ لگا کر 42 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سری لنکا کے بلے باز دھننجے ڈی سلوا دوسری اننگ میں 155 رنوں کی شاندار اننگ کی بدولت 12 مقامات کے فائدے سے 21 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ سری لنکا کے اسپنرز لاستھ ایمبولدینیا اور رمیش مینڈس کو بھی کافی فائدہ ہوا ہے۔ ایمبولدینیا جہاں پانچ مقامات کے فائدے سے 32 ویںنمبر پر تو وہیں مینڈس 18 درجے کی بہتری کے ساتھ 39 ویں نمبر پر قابض ہوگئے ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.