ETV Bharat / sports

IPL 2022: ممبئی اور چنئی ایک جیسا درد لے کر میدان میں اتریں گی

author img

By

Published : Apr 21, 2022, 1:33 PM IST

Mumbai Indians vs Chennai Super Kings
Mumbai Indians vs Chennai Super Kings

انڈین پریمیئر لیگ میں آج روہت شرما کی قیادت والی ممبئی انڈینز اور رویندر جڈیجہ کی قیادت والی چنئی سُپر کنگز کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ یہ میچ ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسپورٹس اکیڈمی میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا ٹاس شام سات بجے ہوگا اور کھیل ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔ Mumbai Indians vs Chennai Super Kings

ممبئی انڈینز لگاتار چھ شکستوں کے بعد ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہونے کے دہانے پر آج چنئی سُپر کنگز کے خلاف جیت درج کرکے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی امیدوں کو زندہ رکھنے کی کوشش کرے گی۔ پانچ بار کی چیمپیئن ممبئی نے اس سیزن میں ایک بھی میچ نہیں جیتا ہے اور اگر وہ آج ہارتی ہے تو وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ دوسری جانب دفاعی چیمپیئن چنئی کی پوزیشن بھی اچھی نہیں ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے براجمان ممبئی انڈینز سے صرف ایک مقام اوپر ہے۔ چنئی سُپر کنگز بھی چھ میں سے پانچ میچ ہار چکی ہے اور آج کے میچ میں شکست اسے بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر کھڑا کر دے گی۔ ممبئی کے لیے سب سے بڑی پریشانی کپتان روہت شرما کا فارم ہے جنہوں نے چھ میچوں میں صرف 114 رنز بنائے ہیں۔ اگر ممبئی کو ہدف کا تعاقب کرنا ہے یا پہلے کھیلتے ہوئے بڑا اسکور بنانا ہے تو روہت کو بڑی اننگز کھیلنی ہوگی۔ IPL Match Preview

اس کے علاوہ نوجوان بلے باز ایشان کشن بھی اپنی 15.25 کروڑ روپے کی بھاری قیمت کو درست ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے چھ میچوں میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 191 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ڈیوالڈ بریوس، تلک ورما اور سوریہ کمار یادو نے کچھ اچھی اننگز کھیلی ہے لیکن انہیں مڈل آرڈر میں ذمہ داری لینے کے لیے اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے بھی اب تک مایوس کیا ہے جن کی میچ ونر کی شبیہ خراب ہوتی جا رہی ہے۔ وہ اب تک ہر میچ میں ناکام رہے ہیں اور صرف 82 رنز بنا سکے ہیں۔ ممبئی کے پاس کاغذ پر اچھی بیٹنگ ہے جو چنئی کے نسبتاً کم تجربہ کار حملے پر حاوی ہوسکتی ہے۔

ممبئی انڈینز کے لیے بلے بازی سے زیادہ گیند بازی تشویش کا باعث ہے۔ جسپریت بمراہ کو چھوڑ کر ان کے دیگر سبھی گیند بازوں نے اب تک خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹائمل ملز، جے دیو انادکٹ، باسل تھمپی یا اہم اسپنر مروگن اشون کو اب اپنا بہترین پرفارمنس دینا ہوگا۔ ٹائمل ملز نے لکھنؤ سُپر جائنٹس کے خلاف اپنے آخری میچ میں تین اووروں میں 54 رنز دیے جبکہ انادکٹ اور اشون نے بالترتیب 32 اور 33 رنز دیے۔ ممبئی نے فیبین ایلن کو آزمایا لیکن انہوں نے بھی چار اوورز میں 46 رنز پر لُٹائے تھے۔

دوسری جانب چنئی سُپر کنگز کے نوجوان بلے باز رتوراج گائیکواڑ کی فارم میں واپسی چنئی کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف آخری میچ میں 48 گیندوں میں 73 رنز بنائے تھے۔ رابن اتھپا اور شیوم دوبے نے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف اپنی جارحانہ بلے بازی کی عمدہ مثال پیش کی لیکن وہ گجرات کے خلاف نہیں چل سکے۔ دوبے کو امباتی رائیڈو اور معین علی کے ساتھ مڈل آرڈر میں مزید ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے۔ کپتان رویندر جڈیجہ اور سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی فنشر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جڈیجہ بالنگ میں واقعی خطرناک نظر نہیں آ رہے ہیں اور اگر ان کی ٹیم کو ممبئی کے بلے بازوں کو روکنا ہے تو انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈوین براوو اور اسپنر مہیش تیکشنا کو چھوڑ کر چنئی کے گیند بازوں نے اچھا مظاہرہ نہیں کیا۔ مکیش چودھری رنز لُٹا رہے ہیں جبکہ کرس جارڈن نے بھی گجرات کے خلاف 58 رنز دیے تھے۔ دیپک چہر کے ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہونے اور ایڈم ملنے کے ابھی پوری طرح فٹ نہ ہونے کی وجہ سے چنئی کی ذمہ داری انہی گیند بازوں پر ہے۔

ممبئی انڈینز ٹیم: روہت شرما (کپتان)، انمول پریت سنگھ، راہل بُدھی، رمندیپ سنگھ، سوریہ کمار یادو، تلک ورما، ٹم ڈیوڈ، ارجن تندولکر، باسل تھمپی، ریتک شوکِن، جسپریت بُمراہ، جے دیو انادکٹ، مینک مرکنڈے، مروگن اشون، ریلی میرڈیتھ، ٹامل ملز، ارشد خان، ڈینیئل سمس، ڈیوالڈ بریوس، فبین ایلن، کیرون پالارڈ، ایشان کشن، سنجے یادو، آرین جویال۔

چنئی سپر کنگز ٹیم: رویندر جڈیجہ(کپتان)، مہندرا سنگھ دھونی، معین علی، رتوراج گائیکواڑ، ڈوین براوو، امباتی رائیڈو، رابن اتھپا، مچل سینٹنر، کرس جارڈن، ایڈم ملنے، ڈیون کونوے، شیوم دوبے، ڈوین پریٹوریس، مہیش تیکشنا، راج وردھن ہنگرگیکر، تشار دیشپانڈے، کے ایم آصف، سی ہری نشانت، این جگدیسن، سبرانشو سینا پتی، کے بھگت ورما، پرشانت سولنکی، سمرجیت سنگھ اور مکیش چودھری۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.