ETV Bharat / sitara

سائرہ بانو نے اپنی دلکش اداؤں سے دیوانہ بنایا

author img

By

Published : Aug 23, 2019, 3:20 PM IST

Updated : Sep 28, 2019, 12:12 AM IST

بالی ووڈ میں سائرہ بانو کو ایک ایسی اداکارہ کے طورپر شمار کیاجاتا ہے جنہوں نے 60اور 70 کی دہائی میں اپنی دلکش اداؤں اور زبردست اداکاری سے شائقین کو دیوانہ بنایا۔

سائرہ بانو نے اپنی دلکش اداؤں سے دیوانہ بنایا

سائرہ کی پیدائش 23 اگست 1944کو ہوئی تھی۔ ان کی ماں نسیم بانو 30اور 40کی دہائی کی مشہور اداکارہ تھیں اور انہیں ’بیوٹی کوین‘ کہا جاتا تھا۔ سائرہ اپنے بچپن میں لندن میں رہتی تھیں اور وہاں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ سنہ 1960میں ممبئی لوٹ آئیں۔ اس دوران ان کی ملاقات فلم ساز اور ہدایت کار ششدھر مکھرجی سے ہوئی جنہوں نے ان کے ہنر کو پہچان کر انہیں اپنے بھائی سبودھ مکھرجی سے ملنے کی صلاح دی۔ سبودھ مکھرجی ان دنوں اپنی نئی فلم جنگلی کےلئے ایک نئی اداکارہ کی تلاش کررہے تھے۔ انہوں نے سائرہ کو اپنی فلم میں کام کرنے کی تجویز دی جسے سائرہ نے بخوشی قبول کرلیا۔

سائرہ بانو نے اپنی دلکش اداؤں سے دیوانہ بنایا
سائرہ بانو نے اپنی دلکش اداؤں سے دیوانہ بنایا

سنہ 1961 میں ریلیز ہوئی فلم جنگلی میں انہیں شمی کپور کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں سائرہ نے کشمیر میں رہنے والی ایک نوجوان لڑکی کا کردار ادا کیاتھا۔ بہترین اداکاری ،موسیقی اور نغموں سے سجی اس فلم کی زبردست کامیابی نے نہ صرف انہیں بلکہ اداکار شمی کپور کو بھی اداکار کے طورپر ثابت کردیا۔ آج بھی اس فلم کے سدابہار نغمے شائقین کو پسند آتے ہیں۔

سائرہ بانو نے اپنی دلکش اداؤں سے دیوانہ بنایا

سنہ 1963 میں سائرہ کو من موہن دیسائی کی بنائی فلم بلف ماسٹر میں کام کرنے کا موقع ملا۔اس فلم میں ایک بارپھر وہ شمی کپور کے ساتھ نظر آئیں۔

سنہ 1964 ان کے کریئر کےلئے سب سے اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال ان کی فلم آئی ملن کی بیلا نے کامیابی کے سارے ریکارڈ توڑ دئے۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد سائرہ بانو فلم انڈسٹری میں بطور اداکار مشہور ہوگئیں۔

سنہ 1966میں انہوں نے اپنی عمر سے کافی بڑے اداکاردلیپ کمار کے ساتھ شادی کرلی۔ دلیپ کمار سے شادی کے بعد بھی سائرہ فلموں میں کام کرتی رہیں۔

سنہ 1967ان کی کئی بہترین فلمیں ریلیزہوئیں ۔ فلم دیوانہ میں انہوں نے پہلی بار مشہور اداکار راج کپور کےساتھ کام کیا اور فلم شاگرد بھی باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔

سال 1968میں ریلیز فلم پڑوسن سائرہ بانو کی سپرہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ مذاح سے بھرپور اس فلم کو محمود نے بنایا تھا اور سائرہ نے اس میں ایک نوجوان لڑکی کاکردار ادا کیا تھا اور سنیل دت اس میں مرکزی کردارمیں تھے۔ محمود، سنیل دت اور سائرہ بانو کی اداکاری سے سجی یہ فلم بےحد کامیاب رہی۔1970 میں سائرہ کو منوج کمار کی ہدایت میں بنی فلم پورب پشچم میں کام کرنے کا موقع ملا۔اس فلم کو منوج کمار نے ہی بنایاتھا۔

سنہ 1970میں ریلیز فلم گوپی میں سائرہ کو اپنے فلمی کریئر میں پہلی بار دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد دلیپ اور سائرہ کی جوڑی نے سگینا، بیراگ اوردنیا جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔1975میں سائرہ کو ریشی کیش مکھرجی کی فلم چیتالی میں کام کرنے کا موقع ملا۔فلم میں انہوں نے چیتالی کا ہی کردار اداکیاتھا ۔یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی جبکہ ناقدین کا خیال ہےکہ یہ فلم سائرہ بانو کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔

سنہ 1976میں ریلیز فلم ہیراپھیری سائرہ کی آخری ہٹ فلم ثابت ہوئی ،اس میں انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیاتھا۔اس کے بعد 1988میں فلم فیصلہ کے بعد سائرہ نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لے لی۔2006میں انہوں نے بھوجپوری فلموں میں بھی کچھ کردار ادا کئے۔

سائرہ نے اپنے تین دہائی لمبے کریئر میں تقریباً 50 فلموں میں اداکاری کی۔ ان کی بہترین فلموں میں ۔۔۔ دور کی آواز، آؤ پیار کریں، جھک گیا آسمان، آدمی اور انسان، وکٹوریا نمبر 203، پیسے کی گڑیا، انٹرنیشنل کروک، ریشم کی ڈوری، آخری داؤ، سازش، ضمیر نہلے پہ دہلا، کالا آدمی، دیش دروہی، بلیدان وغیرہ شامل ہیں۔
-------------

Intro:Body:Conclusion:
Last Updated : Sep 28, 2019, 12:12 AM IST

TAGGED:

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.