ETV Bharat / international

Israel Gaza war فلسطینیوں کا قتل عام، سلامتی کونسل کے ہنگامہ خیز اجلاس میں عالمی برادری اسرائیل پر برہم

author img

By UNI (United News of India)

Published : Oct 25, 2023, 7:58 PM IST

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطینی سفارتکار نے کہا اسرائیل کا اقدام ناقابل معافی ہے، فلسطین میں کوئی محفوظ نہیں، سلامتی کونسل کی یکجہتی کہاں ہے؟ معصوم بچوں، عورتوں کے قتل کاغصہ کہاں ہے؟ عرب اور مسلم ملک اسرائیل سے تعلقات ختم کر دیں۔

Etv Bharat
Etv Bharat

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامہ خیز اجلاس میں فلسطینیوں کے وحشیانہ قتل عام پر دنیا کے ممالک اسرائیل پر چیخ اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سہ ماہی جائزہ اجلاس میں عالمی برادری نے اسرائیل پر برہمی کا اظہار کیا، فلسطینی سفارتکار نے کہا اسرائیل کا اقدام ناقابل معافی ہے، فلسطین میں کوئی محفوظ نہیں، سلامتی کونسل کی یکجہتی کہاں ہے؟ معصوم بچوں، عورتوں کے قتل کاغصہ کہاں ہے؟ عرب اور مسلم ملک اسرائیل سے تعلقات ختم کر دیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ اسرائیل نےغزہ میں عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزیاں کی ہیں، فوری جنگ بندی کی جائے۔ مسلح تصادم کا کوئی بھی فریق عالمی قانون سےبالاتر نہیں۔ گوٹریس کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام چھپن سال سےگھٹن کا شکار ہیں، فلسطینیوں نے اپنی سرزمین کو اسرائیلی قبضے میں جاتے دیکھا ہے، فلسطین کی معیشت کوتباہ کیا گیا، معصوم لوگوں کوبےگھر کیا گیا، فلسطینیوں کو حماس کے حملے کی اجتماعی سزا دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

ترک صدرطیب اردوان نے بھی کہا کہ اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل نے غزہ بحران کو مزید بڑھا دیا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیلی حکومت کے سامنے بےبس ہے، عالمی برادری اسرائیل کے فلسطینیوں کیخلاف غیرقانونی اقدام کا پوچھ تک نہیں رہی۔ اقوام متحدہ کے اجلاس میں اسرائیل کے پشت پناہ امریکہ نے حماس کی مذمت کامطالبہ کر دیا، امریکی وزیرخا رجہ نے کہا امریکہ اسرائیل کی حفاظت کرے گا۔

انٹونیو گوٹریس کی حق گوئی پر سب سے زیادہ تکلیف اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن کو ہوئی، اپنی تقریر میں بدتمیزی سے کہا کہ انتونیوگوٹریس آخر کون سی دنیا میں رہتے ہیں؟ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ بعد ازاں اسرائیلی وزیرخارجہ نے ٹویٹ کرکے گوٹریس سے میٹنگ منسوخ کردی اور کہا کہ متوازن کارروائیوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، حماس کو دنیا سے مٹانا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:

اسرائیل نے انٹونیو گوٹریس سے استعفے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا انٹونیو گوٹریس عہدےکیلئےموزوں نہیں، ان لوگوں سےبات کا کوئی جواز نہیں جو فلسطینیوں کی حمایت کرے۔ خیال رہے اسرائیل نے زمینی راستے داخل ہونے میں ناکامی پر اسرائیلی فضائیہ نے رات میں اندھا دھند بمباری کی اور تین سو بیس مقامات کونشانہ بنایا، چوبیس گھنٹے میں تین سو پانچ بچوں سمیت سات سو چوون ہلاکتیں ہوئیں اور مجموعی تعداد پانچ ہزار سات سو پچاس سے بڑھ گئی۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.