ETV Bharat / city

'کورونا وائرس ایک وبائی جنگ ہے، عوام کی مدد سے ہی جیتی جاسکتی'

author img

By

Published : Mar 19, 2020, 10:03 PM IST

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کورونا وائرس کو ایک جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ ہمیشہ ہمت اور ضد کے ساتھ جیتی جاتی ہے، بہت سے لوگوں نے 1965 اور 1971 کی جنگ کو دیکھا اور تجربہ کیا ہوگا۔ وبا کوئی ذات پات، مسلک اورمذہب دیکھ کر نہیں آتی، اگر ہم اتحاد و اتفاق کے ساتھ اس سے مقابلہ کرتے ہیں تو اس وبا کا خاتمہ ممکن ہے۔
Chief Minister Uddhav Thackeray
وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے

ریاست مہارشٹر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں روزآنہ معمولی اضافہ ہو رہا ہے، ابھی تک 49 متاثرین کے ٹیسٹ مثبت پائے جانے کی اطلاع ہے۔

ریاستی حکومت کورونا وائرس کے خاتمے پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

آج سے ویسٹرن لائن پر چلنے والی اے سی لوکل ٹرین 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح حاجی علی درگاہ کے ٹرسٹیان نے درگاہ کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ لیا ہے وہیں رے روڈ پر واقع میرا داتار کی درگاہ بھی بند کر دی گئی ہے۔ ممبئی کی مساجد کے ذمہ داران نے نماز جمعہ کے ارکان 15 منٹوں میں ادا کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے آج سوشل میڈیا کی براہ راست نشریات سے عوام سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ریاست کی عوام یقینی طور پر حکومت کے ساتھ کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے میں برابر تعائون کر رہے ہیں جس کے لیے ہم ان کے شکر گذار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا خاتمہ ایک طرح سے عالمی جنگ کی طرح ہے لہذا ہم سب کو مل کر اس پر قابو پانا ہوگا۔

ریاست میں ہم نے اس پر عوام کے تعاون سے ابھی تک قابو میں رکھا ہے مگر اس کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مزید محنت اور تعاون کی ضرورت ہے، ہم تمام کی کوشش سے ہی ہم پر آئی ہوئی اس وباء پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج میں نے وزیر اعظم اور مرکزی وزیر صحت سے بھی بات کی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ اس وبا پر قابو پانے کے لیے ہمارا ہر ممکن تعاون کرینگے۔

انہوں نے عوام سے گذارش کی ہے کہ وہ اشیائے ضروریہ ، خوراک ، ادویات اور دوائیوں کاذخیرہ کرونا وائرس سے خوفزدہ ہو کر نہ کریں۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے گذارش کی ہے کہ حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایت پر عمل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری گذارش کے بعد ریاست کی تمام عبادگاہوں پر ہجوم بہت کم ہوا ہے مگر اسے اور بھی کم کرنے کی ضرورت ہے

ہم نے سرکاری دفاتر میں حاضری نصف کرنے کا فیصلہ لیا ہے اس لیے عوام کو بھی چاہئے کہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں ۔جہاں تک ممکن ہو گھر بیٹھے ہی اپنے کام کو انجام دیں۔

ابھی تک کورونا وائرس سے مقابلہ کے لئے جو بھی قدم اٹھائے ہیں وہ اطمینان بخش ہیں مگر ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے پاس اسٹاف کی کمی ہے اس وائرس کو مزید بڑھاوا نہ ملے اور جو لوگ اس وائرس کے خاتمے کے لیے کام کرر ہے ہیں ان پر مزید بوجھ نہ پڑے اس کے لیے ہمیں ایک ایک قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک جتنے بھی متاثرین سامنے آئے ہیں وہ دیگر کسی نہ کسی ملک سے آئے ہوئے ہیں ہمارے اپنے ملک کا ایک بھی شہری اس سے متاثر نہیں ملا ہے۔

باہر سے آنے والے لوگ ہمارے اپنے ہیں ہمیں ان کا خیال رکھنا ہوگا مگریہ ضروری ہے کہ جب وہ یہاں آئیں تو وہ پوری احتیاط کے ساتھ آئیں۔

باہر سے آنے والوں کے ہاتھوں پر مہر لگائی گئی ہے اس لیے وہ بھی بلا ضرورت باہر نہ نکلیں، اسی طرح عوام سے بھی گذارش ہے کہ اگر وہ باہر ملک سے یہاں آئے ہیں تو اپنی سفری معلومات نہ چھپائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کورونا وائرس کو ایک جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ ہمیشہ ہمت اور ضد کے ساتھ جیتی جاتی ہے، بہت سے لوگوں نے 1965 اور 1971 کی جنگ کو دیکھا اور تجربہ کیا ہوگا۔

جنگ کا تجربہ خراب ہوتا ہے۔ جنگ کے بعد کی صورتحال اور بھی خراب ہوتی ہے۔آج ملک میں کورونا وائرس سے مقابلہ ایک جنگ جیسی صورتحال اختیار کر چکی ہے ۔ ہمارے ڈاکٹر ، نرس ، بس ڈرائیور ، این جی اوز اس وائرس کے خاتمہ کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

اس لئے کیا یہ ضروری نہیں ہو جاتا کہ ہم اپنے گھر میں رہ کر ان کے مددگار بنیں۔ کوئی بھی وبا ذات پات ، مسلک ، مذہب دیکھ کر نہیں آتی ۔ اگر ہم اتحاد و اتفاق کے ساتھ اس سے مقابلہ کرتے ہیں تو اس وبا کا خاتمہ ممکن ہے۔

انہوں نے چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وبا کا قہر سب سے پہلے چین میں آیا لیکن چین نے سخت اقدامات اپنائے اور اب وہاں پر کورونا وائرس کے اثرات کم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اس لیے ایک بار پھر میں ریاست کی عوام سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ کرونا وائرس کی اس جنگ میں ہمارا ساتھ دیتے ہوئے اس کےخاتمہ میں ہمارے مددگار بنیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.