ETV Bharat / bharat

Om Birla سیاسی فائدے کے لیے ایوان کی کارروائی روکنا مناسب نہیں، لوک سبھا اسپیکر

author img

By

Published : May 2, 2023, 7:24 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

اوم برلا نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ایوان میں اس طرح سے کام کریں جس سے ملک اور ریاست کو یہ پیغام جائے کہ عوام کو درپیش مسائل پر پوری قوم کے لئے ایوان میں بحث ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ یا اسمبلی عزم اور فکر کے ساتھ سوچ رہی ہے۔

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر نے آج پارلیمنٹ کمپلیکس میں میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کے اراکین کے لیے ایک اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر تھامس اے سانگا موجود تھے۔میگھالیہ اسمبلی کے اراکین کو خطاب کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کا شمار ملک کی ان سب سے زیادہ نظم و ضبط والی اسمبلیوں میں ہوتا ہے جہاں بامعنی مباحثوں کے ذریعے اس ادارے کے وقار اور عزت و احترام کو برقرار رکھا گیا ہے۔

یہ بتاتے ہوئے کہ ہندوستانی جمہوریت دنیا کی سب سے بڑی کام کرنے والی جمہوریت ہے ، لوک سبھا کے اسپیکر نے رائے دی کہ جمہوری روایات اور اقدار ہندوستان کے ثقافتی وراثت کی علامت ہیں۔ برلا نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود رواداری، ایک دوسرے کا احترام، پرامن بقائے باہم اور جمہوری اقدار کی بنیاد پر مسائل کو حل کرنا صدیوں سے ہندوستان کی شناخت اور ہندوستانی سیاسی نظریہ کا اٹوٹ حصہ رہا ہے۔پارلیمانی عمل کا ذکر کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ جمہوریت میں اختلافات کا ہونا فطری بات ہے، لیکن ان اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ اس خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہ منصوبہ بند طریقے سے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنا ناانصافی ہے، انہوں نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ایوان میں اس طرح سے کام کریں جس سے ملک اور ریاست کو یہ پیغام جائے کہ عوام کو درپیش مسائل پر پوری قوم کے لئے ایوان میں بحث ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ یا اسمبلی عزم اور فکر کے ساتھ سوچ رہی ہے۔

کسی بھی معاملے پر محض احتجاج م درج کرانے کے لیے ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے کیونکہ اس سے عوام میں ایک غلط پیغام جاتا ہے کہ عام آدمی اس قدر پریشانی میں ہے اور اس کے نمائندے ایوان کا قیمتی وقت ضائع کر رہے ہیں۔ برلا نے مشورہ دیا کہ ایوان میں اتفاق، اختلاف ہونا چاہیے، لیکن کوئی ہنگامہ خیزی اور شور شرابہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ہماری مقننہ کو مثالی تصور کیا جاتا ہے اور ہماری مقننہ کو جمہوری بحث کے اعلیٰ ترین فورم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس لیے عوامی نمائندوں کو نظم و ضبط کے تحت برتاؤ کرنا چاہیے۔ اس لیے صرف سیاسی فائدے کے لیے ایوان کی کارروائی روکنا مناسب نہیں ہے ۔

لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ ایوان کے قواعد، طریقہ کار اور کنونشن کے موجودہ فریم ورک کے تحت ایک رکن عوامی اہمیت کے مسائل کو مؤثر طریقے سے اٹھا سکتا ہے، عوامی مسائل کو اجاگر کر سکتا ہے اور ان کے ازالے کا مطالبہ کر سکتا ہے اور پالیسی سازی پر بامعنی اثر ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے یا حکومت کی توجہ کسی بھی معاملے کی طرف مبذول کراتے ہوئے اراکین کو چاہیے کہ وہ مربوط اور پہلے سے منصوبہ بند طریقے سے ایوان کی کارروائی میں خلل نہ ڈالیں۔

مقررہ وقت کے اندر قوانین سے متعلق ضابطے بنانے پر زور دیتے ہوئے برلا نے تجویز پیش کی کہ مقننہ کی رولز کمیٹی کو باقاعدگی سے میٹنگ کرنی چاہئے، قواعد و ضوابط کا جائزہ لینا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ وقت کے تقاضے کے مطابق قوانین اور ایکٹ میں ترمیم کی جائے۔برلا نے کہا کہ قانون سازی کے اثرات کا قانون ساز اسمبلیوں کو مطالعہ اور جائزہ لینا چاہیے۔ پارلیمانی کمیٹیوں کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیاں اہم سفارشات کرتی ہیں اور ان کی رپورٹیں بہت بامعنی ہوتی ہیں۔ انہوں نے اراکین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ان رپورٹس کا مطالعہ کریں۔ برلا نے مقننہ کے ریسرچ ڈویژن کو مضبوط کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ اس سلسلے میں برلا نے کہا کہ اس سمت میں کام کیا جا رہا ہے کہ تمام اسمبلیوں کے مباحث اور تمام اسمبلیوں کی لائبریریاں ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں۔

قبل ازیں، میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر تھامس اے سنگما نے اورینٹیشن پروگرام کے انعقاد کے لیے برلا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے اراکین کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اُتپل کمار سنگھ نے استقبالیہ خطبہ پیش کیا اور ایڈیشنل سکریٹری پرسن جیت سنگھ نے شکریہ کی تجویز پیش کی۔یہ اورئنٹیشن پروگرام پارلیمانی ڈیموکریسی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (پرائڈ) نے میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کے نو منتخب اراکین کے لیے منعقد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: Om Birla On Vedic knowledge ویدک علم اور سائنس ایک دوسرے کے مخالف نہیں ہیں، لوک سبھا اسپیکر

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.