ETV Bharat / bharat

Gandhi statue Unveiled ہیروشیما میں گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی، وزیراعظم مودی کی جاپانی وزیراعظم سے ملاقات

author img

By

Published : May 20, 2023, 4:17 PM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

وزیر اعظم نریندر مودی نے جاپان کے ہیروشیما میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ پی ایم مودی جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان کے دورے پر ہیں۔

ہیروشیما: وزیر اعظم نریندر مودی نے جاپان میں 77 سال قبل ایٹم بم حملے کا شکار ہوئے ہیروشیما شہر میں آج امن اور عدم تشدد کے پیامبر مہاتما گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی، اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا سے دو طرفہ ملاقات کی جس میں دوطرفہ خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سال وزیر اعظم فومیو کشیدا کے دورۂ ہندوستان کے بعد سال 2023 میں ان کی دوسری میٹنگ ہے۔ وزیر اعظم نے ہیروشیما، جاپان میں مہاتما گاندھی کے نیم قد مجسمے کی رونمائی کی۔

رونمائی کی تقریب کے دوران موجود معززین میں وزیر اعظم کے مشیر خاص نکاتانی جین، ہیروشیما شہر کے میئر کاسومی متسوئی؛ ہیروشیما سٹی اسمبلی کے اسپیکر جناب تتسونوری موتانی، ہیروشیما کے اراکین پارلیمنٹ اور جاپان میں مہاتما گاندھی کے پیروکار شامل تھے۔ 19 سے 21 مئی تک ہونے والے جی-7 سربراہ اجلاس سے متعلق وزیر اعظم کے دورۂ جاپان کے دوران مہاتما گاندھی کا نیم قد مجسمہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور خیرسگالی کی علامت کے طور پر حکومت ہند کے ذریعہ ہیروشیما شہر کو بطور تحفہ پیش کیا گیا ہے۔

پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ رام ون جی سوتار نے 42 انچ لمبے کانسے کے اس نیم قدم مجسمے کو تیار کیا ہے۔ موتویاسو ندی سے ملحق یہ مقام مشہور اے- بم ڈوم کے قریب ہے، جسے دیکھنے کے لیے عام طور پر روزانہ ہزاروں لوگ اور سیاح آتے ہیں۔ اس مقام کو امن اور عدم تشدد کے لیے یکجہتی کی علامت کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ مہاتما گاندھی نے اپنی زندگی امن اور عدم تشدد کے لیے وقف کر دی تھی۔ یہ مقام حقیقت میں گاندھی جی کے اصولوں اور زندگی کی یاد دلاتا ہے، جو دنیا اور اس کے قائدین کو ترغیب فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے ہیروشیما میں بودھی پودا لگانے کے لیے وزیر اعظم کشیدا کا شکریہ ادا کیا، جو انہیں مارچ 2023 میں وزیر اعظم مودی کے ذریعہ بطور تحفہ دیا گیا تھا۔

وزیر اعظم نے یاد کیا کہ بھارتی پارلیمنٹ ہر سال ہیروشیما ڈے مناتی ہے اور کہا کہ اس موقع پر جاپانی سفارتکار ہمیشہ موجود رہے ہیں۔ دونوں قائدین نے اپنی متعلقہ جی 20 اور جی 7 صدارتوں کے تحت مختلف کوششوں کے لیے تال میل کے طریقہ کار پر اظہار خیال کیا۔ وزیر اعظم نے گلوبل ساؤتھ کے خدشات اور ترجیحات کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں قائدین نے عصری علاقائی پیش رفتوں پر نظریات کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے بھارت-پیسفک خطے میں مضبوط ہوتے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قائدین نے باہمی خصوصی حکمت عملی اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر اتفاق کیا۔ تبادلہ خیال کے دوران تعلیم، ہنرمندی ترقیات، سیاحت، طرزحیات برائے ماحولیات (لائف)، سبز ہائیڈروجن، اعلیٰ تکنالوجی، سیمی کنڈکٹر اور ڈجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ جیسے شعبوں پر توجہ دی گئی۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور اقوام متحدہ میں اصلاح پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: G7 and Quad Summits پاک، چین سے معمول کے تعلقات کے لئے سرحد پرامن، دہشت گردی سے آزاد ماحول ضروری: وزیراعظم مودی


یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.