ETV Bharat / state

مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں این سی پی نے قومی کانفرنس کا اعلان کیا - support of Palestinians

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 7, 2024, 7:23 PM IST

قومی دارالحکومت دہلی کے نارتھ اوینیو میں واقع نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دفتر میں اقلیتی شعبہ کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں یہ اعلان کیا گیا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اور اسرائیلی قتل عام کے خلاف 8؍اپریل کو انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں ایک قومی کانفرنس کا اہتمام کیا ج رہا ہے۔

مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں این سی پی نے قومی کانفرنس کا اعلان کیا
مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں این سی پی نے قومی کانفرنس کا اعلان کیا

دہلی: این سی پی کے قومی جنرل سکریٹری اور اقلیتی شعبہ کے چیئرمین سید جلال الدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 7 مہینے سے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ جاری ہے جس میں اب تک غزہ کے 33 ہزار آن ریکارڈ افراد شہید کیے جا چکے ہیں ان میں 12 ہزار کے قریب صرف بچے ہیں اتنی ہی تعداد خواتین کی ہے. اس کے علاوہ قریب 80 ہزار افراد زخمی ہیں. انہوں نے کہا کہ جس طرح سے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائیہ حملے ہوئے ہیں اس میں بستیوں، اسپتالوں ، اسکولوں، یونیورسٹیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جن کی وجہ سے قریب 20 لاکھ غزہ کے شہری بے گھر ہو گئے ہیں، جبکہ غزہ کی کل آبادی ہی 24 لاکھ ہے.

سید جلال الدین نے مزید کہا کہ آج حالت یہ ہے کہ پناہ گزینوں کے لیے نہ تو کھانا ہے اور نہ ہی پانی ہے ، اب تو بھوک اور پیاس سے لوگ مر رہے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے. ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں بار بار جنگ بندی کی قرارداد منظور کی جاتی ہے لیکن ویٹو کے ذریعہ اس کو خارج کیا جا رہا ہے۔ امریکہ جو انسانیت کا علمبردار بنتا پھر رہا ہے وہ اسرائیلی قتل عام میں برابر کا شریک ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ہندوستان کا موقف شروع سے امن رہا ہے. مہاتما گاندھی ہوں یا اٹل بہاری واجپئی سب نے یہ بات کہی ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور وہ اس کو ملنا چاہئے۔


انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے بھی جنگ بندی کی حمایت میں ووٹ کیا اور مظلومین کے لیے رسد اور دوائیں بھیجنے کا کام کیا ہے لیکن وہ ناکافی ہے چنانچہ این سی پی کی جانب سے ایک بڑی ریلیف جلد غزہ کے مظلومین کے لیے روانہ کی جائے گی. سید جلال الدین نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ ملک کی کوئی بھی پارٹی فلسطینیوں کی حمایت میں کھڑی نہیں ہوئی جبکہ انسانیت کا تقاضہ تھا کہ مظلومین کی حمایت میں آواز بلند کی جاتی. میں شکر گزار ہوں این سی پی کے صدر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار اور کارگزار صدر اور رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل کا کہ جنھوں نے اس کانفرنس پر لبیک کہی۔

سید جلال الدین نے کہا کہ آج پوری دنیا میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں کیونکہ غزہ میں جنگ نہیں ہو رہی ہے بلکہ قتل عام ہو رہا ہے چنانچہ ہم اپنی کانفرنس میں حکومت ہند اور عالمی اداروں سے مطالبہ کریں گے کہ فوری طور پر مکمل طور پر جنگ بندی کرائی جائے اور اس مسئلہ کو حل کیا جائے. ہمیں خوشی ہے کہ ہماری قومی کانفرنس میں ملک کے کئی بڑے علمائے کرام، کئی مذاہب کے مفکرین کے ساتھ ساتھ کئی ممالک کے سفارتکار بھی شرکت کر رہے ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.