ETV Bharat / state

کرناٹک اغوا کیس: ایس آئی ٹی نے ایچ ڈی ریونا کو گرفتار کیا - HD REVANNA CASE

author img

By UNI (United News of India)

Published : May 4, 2024, 10:25 PM IST

ریوننا کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں اپنے والد اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ قبل ازیں عدالت نے کرناٹک کے ایم ایل اے ایچ ڈی ریوننا کی پیشگی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔

کرناٹک اغوا کیس: ایس آئی ٹی نے ایچ ڈی ریونا کو گرفتار کیا
کرناٹک اغوا کیس: ایس آئی ٹی نے ایچ ڈی ریونا کو گرفتار کیا (ای ٹی وی بھارت)

بنگلورو: کرناٹک میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے ایم ایل اے ایچ ڈی ریوننا کو ہفتے کے روز اغوا کے کیس میں گرفتار کرلیا۔

قابل ذکر ہے کہ ایس آئی ٹی نے سنیچر کو ایک اغوا شدہ خاتون کا پتہ لگایا تھا، جو مبینہ طور پر دیوے گوڑا کے پوتے اور جے ڈی ایس کے موجودہ رکن پارلیمنٹ پرجول ریوننا کے جنسی ویڈیو اسکینڈل کے متاثرین میں سے ایک ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خاتون کو میسور ضلع کے کلیناہلی گاؤں میں ریوننا کے ذاتی معاون (پی اے) راج شیکھر کے فارم ہاؤس سے چھڑایا گیا۔ یہ خاتون 29 اپریل کو لاپتہ ہوگئی تھی۔

ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ایس آئی ٹی کے افسران فارم ہاؤس پہنچے تو خاتون وہاں بند تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ راج شیکھر فی الحال مفرور ہے۔ خاتون کو بنگلورو لایا جائے گا اور اس معاملے میں اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

اس سے پہلے جمعہ کو کرناٹک پولہس نے ریوننا کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ یہ ایف آئی آر خاتون کے اغوا کے سلسلے میں درج کی گئی تھی، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پرجول کے جنسی ویڈیو کیس کے متاثرین میں سے ایک ہے۔

مغوی خاتون کے بیٹے نے اپنی ماں کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔ ریوننا اس معاملے میں اہم ملزم ہے۔ دریں اثنا، اس کے رشتہ دار ستیش بابو کو ایف آئی آر میں دوسرے ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، جسے پولیس نے جمعہ کو میسور ضلع سے گرفتار کیا تھا۔ واضح رہے کہ سیکس اسکینڈل معاملے میں ایچ ڈی ریوننا کا بیٹا پرجول ریوننا پولیس کو مطلوب ہے جو فی الوقت ملک کے باہر فرار چل رہا ہے۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.