ETV Bharat / sports

بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا، شانتو کے ہاتھ میں ٹیم کی کمان - T20 WC 2024

author img

By ETV Bharat Sports Team

Published : May 14, 2024, 3:08 PM IST

بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ نظم الحسن شانتو کو ٹیم کی کمان سونپی گئی ہے جبکہ تیز گیندباز تسکین احمد کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

Bangladesh Announce T20 World Cup Squad
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم (IANS)

حیدرآباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 دو جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہو رہا ہے۔ سوائے پاکستان کے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام 19 ٹیموں نے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ آج بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

حال ہی میں ختم ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں زمبابوے کو 4 - 1 سے شکست دینے کے بعد بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ بنگلہ دیش نے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کچھ نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا ہے۔ اس ٹیم میں نظم الحسن شانتو کو کپتان اور فاسٹ باؤلر تسکین احمد کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔

آل راؤنڈر شکیب الحسن کو بھی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، وہ تقریباً ایک سال کے وقفے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں واپسی کر رہے ہیں۔ شکیب کو زمبابوے کے خلاف آخری دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور چوتھے میچ میں چار وکٹیں لے کر متاثر کن کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

اس کے علاوہ 22 سالہ شریف الاسلام بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ تجربہ کار لٹن داس اور سومیا سرکار بھی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ آئی پی ایل میں چنئی کی جانب سے کھیلنے والے فاسٹ بولر مستفیض الرحیم کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جن کے کندھوں پر بہت زیادہ ذمہ داری ہوگی۔

اس کے علاوہ عفیف حسین اور حسن محمود بطور ریزرو کھلاڑی ٹورنامنٹ میں جائیں گے۔ بنگلہ دیش کو اگلے ماہ ہونے والے ایونٹ کے گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، سری لنکا، نیدرلینڈ اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے، ان کا پہلا میچ 7 جون کو ڈیلاس میں سری لنکا کے خلاف ہے۔

بنگلہ دیشی ٹیم اسکواڈ:

نظم الحسین شانتو (کپتان)، تسکین احمد، لٹن داس، سومیہ سرکار، تنجید حسن تمیم، شکیب الحسن، توحید ہردوئے، محمود اللہ ریاض، ذاکر علی انیق، تنویر اسلام، مہدی حسن، رشاد حسین، مستفیض الرحمان، شریف الاسلام، تنظیم حسن ثاقب۔

ریزرو کھلاڑی: عفیف حسین، حسن محمود

یہ بھی پڑھیں: نیدرلینڈز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم کا اعلان کر دیا

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.