ETV Bharat / sports

عمر زئی اور محمد نبی کی سنچریاں رائیگاں، سری لنکا نے افغانستان کو شکست دی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 10, 2024, 11:08 AM IST

Sri Lanka Defeats Afghanistan: عظمت اللہ عمرزئی (149 رن ناٹ آؤٹ) اور محمد نبی (136 رن) کی شاندار سنچری اننگز اور چھٹی وکٹ کے لیے ریکارڈ 242 رن کی شراکت کے باوجود افغانستان کو جمعہ کے روز پہلے ون ڈے میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں 42 رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

عمر زئی اور محمد نبی کی سنچریاں رائیگاں، سری لنکا نے افغانستان کو شکست دی
عمر زئی اور محمد نبی کی سنچریاں رائیگاں، سری لنکا نے افغانستان کو شکست دی

پلیکلے: سری لنکا کے 382 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی شروعات انتہائی خراب رہی اور 55 کے اسکور پر اس کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔ رحمان اللہ گرباز ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ابراہیم زدران چار رن بنانے کے بعد پویلین لوٹے، رحمت شاہ سات رنز بنانے کے بعد، کپتان حشمت اللہ شاہدی سات رنز بنانے کے بعد اور گلبدین نائب سولہ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ افغانستان کی پوری ٹیم جلد ہی سمٹ جائے گی۔ ایسے میں عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی نے افغانستان ٹیم کی کمان سنبھالی۔ محمد نبی نے 130 گیندوں پر 15 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 136 رن بنائے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 115 گیندوں پر 13 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 149 رن کی شاندار اننگز کھیلی اور افغانستان کی اننگ کے آغاز میں یکطرفہ لگنے والے میچ کو عمرزئی اور نبی نے سنسنی خیز بنا دیا اور سری لنکا کو آخری دم تک میچ جیتنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑا۔ اکرام علیخی سات رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر صرف 339 رنز بنا سکی اور 42 رن سے میچ ہار گئی۔

سری لنکا کی جانب سے پرمود مدوشن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ دسمنتھا چمیرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل پتھم نسانکا کی طوفانی ڈبل سنچری اور اویشکا فرنینڈو کی 88 رنز کی نصف سنچری کی بدولت سری لنکا نے جمعہ کے روز پہلے کھیلتے ہوئے افغانستان کو جیت کے لیے 382 رن کا ہدف دیا تھا۔

آج افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی اوپننگ جوڑی پاتھم نسانکا اور اویشکا فرنینڈو نے پہلی وکٹ کے لیے 182 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ نسانکا نے 138 گیندوں میں 19 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 210 رن بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:مائیکل نیسر کی نیوزی لینڈ کے ساتھ دو ٹیسٹ میچوں کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم میں واپسی

27ویں اوور میں فرید نے اویشکا فرنینڈو کو زدران کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے افغانستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ فرنینڈو نے 88 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور تین چھکے لگائے۔ اس کے بعد نبی نے کپتان کوسل مینڈس کو 16 رن پر پویلین بھیج دیا۔ فرید نے ہی سدیرا سمارا وکرما کو 44 رنز پر آؤٹ کیا۔ افغانستان کی جانب سے فرید احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نبی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.