ETV Bharat / jammu-and-kashmir

گلمرگ میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں

author img

By UNI (United News of India)

Published : Mar 12, 2024, 12:56 PM IST

شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں دو سینٹی میٹر برف باری ہوئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

گلمرگ میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں
گلمرگ میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں

سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی۔ حکام کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سرینگر میں اس دوران معمولی بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ پہلگام میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.6 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ کپوارہ میں 0.2 ملی میٹر اور کوکر ناگ میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ ادھر، محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وادی میں 13 مارچ کو ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہو سکتی ہیں اور اس دوران گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 14 سے 20 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا، وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں گراوٹ جبکہ بعض مقامات پر اضافہ درج ہوا ہے۔ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گاندربل میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری

کشمیر وادی کے ایک اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.