ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں وکشمیر پولیس پُرامن انتخابات کیلئے پوری طرح تیار، آئی جی کشمیر

author img

By UNI (United News of India)

Published : Mar 16, 2024, 7:21 PM IST

آئی جی کشمیر
آئی جی کشمیر

IGP Kashmir on lok sabha election پارلیمانی چناؤ کے پرامن انعقاد کے حوالے سے آئی جی پی کشمیر وی کے بردھی نے کہا کہ پولیس کسی بھی بڑے ایونٹ کیلئے تیار رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

سرینگر: انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردھی نے ہفتے کے روز کہا کہ منشیات کے کاروبار کو نیست و نابود کرنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پر امن انتخابات کے انعقاد کی خاطر پوری طرح سے تیار ہیں۔

ان باتوں کا اظہار موصوف نے کولگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک سماجی مسئلہ ہے لہذا منشیات کے کاروبارکو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کی خاطر پولیس کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔


پارلیمانی چناؤ کے پر امن انعقاد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں آئی جی کشمیر نے کہا کہ پولیس کسی بھی بڑے ایونٹ کیلئے تیار رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک لوک سبھا انتخابات کا تعلق ہے تو جموں وکشمیر پولیس نے بھی اس ضمن میں تیاریاں شروع کی ہیں۔


آئی جی کشمیر نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔اس سے قبل آئی جی کشمیر نے ڈی ایچ پورہ کولگام میں سکیورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔


معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران جنوبی کشمیر کے سبھی سینیئر آفیسران کو ہدایت دی گئی کہ عسکریت پسندی کے ماحولیاتی نظام کو پوری طرح سے ختم کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم اور منشیات سے متعلق مقدمات میں معیاری تفتیش پر توجہ مرکوز کریں۔آئی جی کشمیر نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ پولیسنگ کے مجموعی کام میں بہتری لائے۔


میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر نے آفیسران کو احکامات جاری کئے کہ وہ عوامی شکایت کا ازالہ کرنے کی خاطر خصوصی طورپر اپنی توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے سبھی سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین قریبی تال کوبنائے رکھنے اور موثر پولیسنگ پر زور دیا۔


ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی جی پی نے افسروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سکیورٹی واقعے سے نمٹنے کے لئے فوری کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔آئی جی پی نے مجموعی سکیورٹی صورتحال کے استحکام کے لئے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا۔
موصوف آئی جی پی نے سیکورٹی ایجنسیوں اور عوام کے درمیان تعاون اور اعتماد کی بنیادوں پر مثبت تعلقات اور انٹیلی جنس شیئرنگ میکانزم کو مضبوط بنانے پربھی زور دیا۔
(یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.