ETV Bharat / international

بیس سال سے اسرائیل میں قید فلسطینی مصنف نے عالمی ایوارڈ اپنے نام کر لیا - Palestinian writer wins Prize

author img

By UNI (United News of India)

Published : Apr 29, 2024, 8:51 PM IST

بشکریہ اظہر جرجیس ٹویٹر
بشکریہ اظہر جرجیس ٹویٹر

فلسطینی مصنف باسم خندقجی کو انٹرنیشنل پرائز فار عربی فکشن 2024 کا ایوارڈ ان کے ناول ’اے ماسک، دی کلر آف دی اسکائی‘ پر دیا گیا ہے۔ اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں 1983 میں پیدا ہونے والے باسم خندقجی کو 2004 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

یروشلم: اسرائیل میں 20 سال سے قید فلسطینی مصنف باسم خندقجی نے ایک بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں 20 سال سے پابند سلاسل فلسطینی مصنف باسم خندقجی نے عربی فکشن کا عالمی ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق باسم خندقجی کو انٹرنیشنل پرائز فار عربی فکشن 2024 کا ایوارڈ ان کے ناول ’اے ماسک، دی کلر آف دی اسکائی‘ پر دیا گیا ہے جس کا اعلان ابوظہبی کی ایک تقریب کے دوران کیا گیا۔

مذکورہ ایوارڈ کو باسم خندقجی کی جانب سے لبنان میں کتاب کے پبلشر دارالادب کے مالک رانا ادریس نے وصول کیا۔ اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں 1983 میں پیدا ہونے والے باسم خندقجی کو 2004 میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں تل ابیب میں ایک بم دھماکے کے الزام میں سزا سنائی گئی اور جیل بھیج دیا گیا۔

فلسطینی مصنف نے دوران قید انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کی۔ مقابلے میں 133 ناولوں میں سے خندقجی کے ناول کو منتخب کیا گیا۔ جیوری کے سربراہ نبیل سلیمان نے کہا کہ یہ ناول ’خاندان کی تقسیم، نقل مکانی، نسل کشی اور نسل پرستی کی ایک پیچیدہ اور تلخ حقیقت کو بیان کرتا ہے۔

باسم نے اپنی گرفتاری تک 21 سال کی چھوٹی عمر میں کئی مختصر کہانیاں لکھیں جب کہ قید ہونے کے بعد انہوں نے شعری مجموعے لکھے جن میں ’ریچوئل آف دی فرسٹ ٹائم‘ اور ’دی بریتھ آف ناکٹرنل پوئم‘ شامل ہیں جب کہ وہ اس سے قبل تین ناول بھی لکھ چکے ہیں۔ (یو این آئی)

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.