ETV Bharat / international

دو ہفتوں تک الشفاء اسپتال کو تہس نہس کرنے کے بعد اسرائیلی فوج پیچھے ہٹی - Israeli Strike on Al Shifa

author img

By AP (Associated Press)

Published : Apr 1, 2024, 12:44 PM IST

Updated : Apr 1, 2024, 1:04 PM IST

تقریباً دو ہفتوں تک تباہی مچانے کے بعد صیہونی فوج الشفاء اسپتال سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے اسپتال اور اس کے آس پاس کے علاقہ کو پوری طرح تہس نہس کر دیا ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

دیر البلاح، غزہ کی پٹی: فلسطینی باشندوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے مرکزی الشفاء اسپتال سے دو ہفتوں کے چھاپوں کے بعد پیچھے ہٹ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے الشفاء اسپتال میں حولناک تباہی مچائی ہے

پیر کی صبح اسرائیلی فوج کے پیچھے ہٹنے کے بعد سینکڑوں لوگ الشفا اسپتال اور آس پاس کے علاقے میں واپس آئے، جہاں انہیں اسپتال کے اندر اور باہر کئی لاشیں ملیں۔

اسرائیلی فوج نے الشفاء میں چھاپے کو تقریباً چھ ماہ کی جنگ کی کامیاب ترین کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اسپتال میں حماس کے سینئر کارکنوں سمیت عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔ صیہونی فوج نے اسپتال سے ہتھیار اور قیمتی انٹیلی جنس قبضے میں لینے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ الشفاء اسپتال سے پیچھے ہٹنے اور تباہ کاریوں پر فوج نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

الشفاء اسپتال سے محمد مہدی نے مکمل تباہی کا منظر بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی عمارتوں کو جلا دیا گیا ہے۔ محمد مہدی نے علاقے میں چھ لاشیں گنیں، جن میں سے دو اسپتال کے صحن میں ہیں۔

ایک اور رہائشی، یحییٰ ابو عوف نے کہا کہ ابھی بھی مریض، طبی کارکن اور بے گھر لوگ میڈیکل کمپاؤنڈ کے اندر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مریضوں کو قریبی اہلی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج نے اسپتال کے احاطے کے اندر ایک عارضی قبرستان پر بلڈوز چلا دیا۔ یحییٰ ابو عوف نے کہا کہ صورتحال ناقابل بیان ہے۔ قبضے نے یہاں زندگی کے تمام احساس کو تباہ کر دیا۔

حماس کے زیر انتظام میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ، الشفاء میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 200 سے زیادہ فلسطینی ہلاک جب کہ تقریباً ایک ہزار دیگر کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ کئی عمارتوں کو ٹینکوں سے بمباری کا نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے ارد گرد کے رہائشیوں پر بمباری کرتے ہوئے علاقہ کے گھروں کو تباہ کر دیا ہے۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی جنگی ٹیموں نے الشفاء اسپتال میں تقریباً 200 جنگجووں کو ہلاک کر دیا ہے۔

اسرائیل نے حماس پر اسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے اور کئی طبی سہولیات پر چھاپے مارے ہیں۔ ناقدین فوج پر پہلے ہی جنگ کے زخمیوں سے مغلوب شہریوں کو لاپرواہی سے خطرے میں ڈالنے اور صحت کے شعبے کو تباہ کرنے کا اسرائیل پر الزام لگا رہے ہیں۔

فوج نے اس سے قبل نومبر میں غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا پر چھاپہ مارا تھا۔ اسرائیل نے الزام لگایا تھا کہ حماس نے کمپاؤنڈ کے اندر اور نیچے ایک وسیع کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر رکھا ہے۔ اس نے اسپتال کے نیچے سے ایک سرنگ کا انکشاف بھی کیا تھا۔

واضح رہے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے اتوار کے روز بتایا تھا کہ غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفا پر 18 مارچ کو دوسری بار اسرائیلی فوج کے چھاپے کے بعد سے اب تک 21 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت میں ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 33000 تک پہنچ گئی ہے۔ 74 ہزار سے زائد زخمی ہیں اور علاقے کی زیادہ تر آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔ غزہ کے ایک تہائی باشندوں کو قحط کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

Last Updated : Apr 1, 2024, 1:04 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.