ETV Bharat / bharat

معدنی گیس کا استعمال بڑھایا جائے گا: مودی

author img

By UNI (United News of India)

Published : Feb 6, 2024, 9:01 PM IST

Updated : Feb 6, 2024, 10:06 PM IST

Modi on Mineral gas وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے درمیان ہندوستان ملک کے کونے کونے میں سستی توانائی کی دستیابی کو بھی یقینی بنا رہا ہے۔

مودی
مودی

پنجی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز کہا کہ ملک کے اندر مختلف شکلوں میں قدرتی گیس کے استعمال کو بڑھایا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں ہر جگہ سستی قیمتوں پر توانائی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور عالمی منڈی میں اتھل پتھل کے باوجود ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں گزشتہ دو سالوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں اس وقت مختلف قسم کی بنیادی توانائی پیدا کرنے میں قدرتی گیس کے تناسب کو چھ فیصد سے بڑھا کر پندرہ فیصد کرنے کا ہدف ہے۔ اس کے لیے پانچ سے چھ سالوں میں سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔ وزیر اعظم گوا میں منعقدہ ’انڈیا انرجی ویک 2024‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں دنیا بھر سے مدعو تیل اور قدرتی گیس کی صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

گوا کے گورنر پی ایس سریدھرن پلئی، وزیر اعلیٰ پرمود ساونت، مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری، رامیشور تیلی اور دیگر معززین کی موجودگی میں، مسٹر مودی نے کہا، "ہندوستان اس وقت مستقبل کی ان ضروریات کو زیر غور لاکر تیاری کر رہا ہے۔" انہوں نے دنیا بھر سے اس صنعت کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے لیے تعاون کریں، ایک دوسرے سے سیکھیں اور صحت مند توانائی کے ذرائع کی ترقی میں تعاون کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تقریب ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب صرف رواں مالی سال کے پہلے چھ مہینوں میں ہندوستان کی جی ڈی پی (فی کس مجموعی گھریلو پیداوار) کی شرح نمو ساڑھے سات فیصد سے زیادہ رہی ہے اور یہ پہلے کے مقابلے بہت زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا تخمینہ ہے کہ "ہم اتنی تیز رفتاری سے ترقی کرتے رہیں گے۔" انہوں نے کہا، 'آج پوری دنیا کے ماہرین کا خیال ہے کہ ہندوستان جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی اس کہانی میں توانائی کا شعبہ بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی توانائی کی کھپت کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے اور دنیا کا چوتھا سب سے بڑا این این جی درآمد کنندہ، چوتھا سب سے بڑا آئل ریفائنر اور چوتھا سب سے بڑا گاڑیاں بنانے والا ملک ہے۔

ہندوستان پہلے ہی دنیا کے سب سے بڑے آئل ریفائنرز میں سے ایک ہے جس کی سالانہ ریفائننگ صلاحیت 254 ملین ٹن ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے 2030 تک ہندوستان کی ریفائننگ کی صلاحیت کو 450 ملین ٹن تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے درمیان ہندوستان ملک کے کونے کونے میں سستی توانائی کی دستیابی کو بھی یقینی بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایسا ملک ہے جہاں کئی عالمی عوامل کے باوجود گزشتہ دو سالوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے 100 فیصد بجلی کی کوریج حاصل کی ہے اور کروڑوں گھروں کو بجلی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کی وجہ سے ہی آج ہندوستان عالمی سطح پر توانائی کے شعبے میں اتنی ترقی کر رہا ہے۔ ہندوستان نہ صرف اپنی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ عالمی ترقی کی سمت بھی طے کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہندوستان گرین ہائیڈروجن کے میدان میں بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کی وجہ سے، ہندوستان جلد ہی ہائیڈروجن کی پیداوار اور برآمد کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، 'مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کا سبز توانائی کا شعبہ سرمایہ کاروں اور صنعتوں دونوں کے لیے یقینی کامیابی کا مرکز ثابت ہو سکتا ہے۔

یو این آئی۔

Last Updated :Feb 6, 2024, 10:06 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.