اردو

urdu

Migrant Worker Killed In Pulwama غیر مقامی مزدور کی ہلاکت پر منوج سنہا، محبوبہ مفتی نے اظہار افسوس

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 30, 2023, 9:29 PM IST

پلوامہ کے تمچی ناؤ پورہ علاقے میں پیر کے روز نامعلوم عسکریت پسندوں نے ایک غیر مقامی مزدور کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ متوفی کی شناخت اترپردیش کے مکیش کمار کے بطور ہوئی ہے۔

lg-sinha-mehbooba-condemns-killing-of-migrant-worker-in-pulwama
غیر مقامی مزدور کی ہلاکت پر منوج سنہا، محبوبہ مفتی نے اظہار افسوس

سرینگر:جموں کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پیر کے روز نامعلوم عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک غیر مقامی مزدور کی ہلاکت پر یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور سابق وزیر اعلٰی محبوبہ مفتی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس ہلاکت کی مذمت کی ہے۔


منوج سنہا نے ایک بیان میں کہا کہ اتر پردیش کے باشندے مکیش کمار کی 'دہشت گردی' حملے میں ہلاکت پر ان کو کافی رنج ہوا ہے۔ معصوم مکیش کمار کی ہلاکت میں ملوث 'دہشت گردوں' کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پلوامہ میں 'دہشت گردانہ حملے' کی سخت مذمت کرتے ہیں اور سوگواران کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ وہ 'دہشت گردی' کا خاتمہ کرے گے جس کی پذیرائی اور امداد سرحد کے اُس پار کی جارہی ہے۔


دوسری جانب پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے غیر مقامی مزدور کی ہلاکت پر سماجی رابطہ سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ( غیر مقامی مزدور) اپنی اہل خانہ کو چھوڑ کر یہاں روزگار کمانے کے لئے آیا ہے اور ان کی یہاں ٹارگٹ کلنگ کرنا دل دہلانے والے واقعات ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں شریک ہے اور اس ہلاکت کی مذمت کرتی ہیں۔


غور طلب ہے کہ وادی کے ضلع پلوامہ کے ایک چھوٹی گاؤں تمچی ناؤ پورہ میں آج صبح نو بجے کے قریب نامعلوم عسکریت پسندوں نے اترپردیش کے مزدور مکیش کمار کو گولیوں سے ہلاک کیا۔37 برس کے مکیش کمار اس گاؤں میں اینٹ کے بھٹے پر گزشتہ پانچ ماہ سے مزدوری کر رہے تھے۔ ان کے ساتھیوں کے مطابق وہ نزدیکی بازار میں صبح نو بجے سبزی خریدنے گئے تھے لیکن ان کو راستے پر ہی مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کیا۔ کشمیر میں دو روز میں اس نوعیت کا یہ دوسرا واقع ہے۔ گزشتہ روز عسکریت پسندوں نے سرینگر کے عیدگاہ میں ایک پولیس انسپکٹر مسرور احمد وانی کو گولیوں سے شدید زخمی کیا تھا۔ مذکورہ افسر اس وقت سرینگر کے صورہ ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں ہیں۔

مزید پڑھیں:کشمیر میں غیر مقامی باشندے کا گولی مار کر قتل

غور طلب ہے کہ جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ کل یعنی 31 اکتوبر کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ ان کی سبکدوشی سے قبل وادی میں یہ دو ہلاکتیں پیش آئی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details