سرینگر: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی ) کشمیر وی کے بردی نے جمعے کے روز ضلع پولیس دفتر سرینگر میں ایک میٹنگ کے دوران سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران افسروں پر کشمیر صوبے میں قیام امن کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
آئی جی کشمیر نے یو اے پی اے کے تحت آنے والے کیسوں کی جانچ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں سکیورٹی منظر نامے کے مزید استحکام کو یقینی بنانے کے لئے آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے یہاں ضلع پولیس دفتر سرینگر میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران سکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران سکیورٹی منظر نامے کے حوالے مختلف امور زیر بحث آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ موصوف آئی جی پی نے درپیش موجودہ سکیورٹی خطرات وچیلنجز کی تشخیص پر زور دیا۔
آئی جی کشمیر کو میٹنگ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے اور انسداد دہشت گرد کارروائیوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس نے میٹنگ کے دوران مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں پر امن ماحول کو برقرار رکھنے کی خاطر آپسی تال میل ناگزیر ہے۔ آئی جی پی کشمیر نے آفیسران پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت آنے والے کیسوں کی جانچ کے معیار کو بہتر بنائے۔انہوں نے یو اے پی اے مقدمات کے سلسلے میں سزا کی شرح کو یقینی بنانے کے لئے جانچ کے معیار اور تکنیک کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔