سرینگر (جموں کشمیر) :’’پچھلے چار برسوں کے دوران کشمیری لڑکوں اور لڑکیوں کے خواب اور عزائم بلند ہو گئے ہیں، اور وہ انہیں حاصل کرنے کے لیے بھی پوری طرح سے تیار ہیں۔ یہ تمام لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آنے والی نسل کو ان کے خوابوں کی تعبیر میں مدد کریں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر میں پریس نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
ہالیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پلان کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے ایل جی منوج سنھا نے کہا: ’’ہالیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پلان کے تحت زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی شراکت میں 2.5 گنا اضافہ ہوگا۔ میں کسانوں کے فائدے کا گواہ ہوں اور جموں و کشمیر کی تقریباً 70 فیصد آبادی زراعت کے ساتھ ہی منسلک ہے اور اگر ہم خطے کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اس شعبے پر پوری طرح توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔‘‘