جموں و کشمیر انتظامیہ نے وادی میں 23 اور 24 اکتوبر کے درمیان ہوئی برفباری اور بارش کو قدرتی آفت قرار دیا ہے اور قدرتی آفت کے متاثرین کو اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تحت معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ (SDRF) کے رہنما خطوط کے تحت کیا گیا ہے، جو 2015 میں وزارت داخلہ نے قدرتی آفت کے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کے مقصد سے جاری کیا تھا۔
محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف اینڈ ریہیبلٹیشن کے ایک حکمنامے کے مطابق انتظامیہ نے قدرتی آفت قرار دے کر متاثرین کو انہی احکامات کے تحت معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیر کے تین اضلاع اور جموں ڈویژن کے چھ اضلاع کو سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس حکم نامے کے مطابق کشمیر ڈویژن کے ضلع اننتناگ، کولگام، شوپیان اور صوبہ جموں کے جموں، ادھمپور، کشتواڑ، ریاسی، سانہ اور کھٹوعہ کو شامل کیا گیا ہے اور انہیں معاوضہ دیا جائے گا۔