پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پبلک ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) ٹہاب میں محکمہ صحت نے ایک عطیہ خون کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں ضلع اسپتال پلوامہ کے ڈاکٹروں، نیم طبی عملہ کے ساتھ ساتھ مقامی رضاکاروں نے خود کا عطیہ پیش کیا۔ کیمپ کے دوران خون کے 23 پائنٹس جمع کیے گئے جن کو ضلع ہسپتال پلوامہ کے بلڈ بینک کے سپرد کیا گیا، تاکہ عطیہ کیا ہوا خون ضرورت مندوں کے کام آ سکے۔
کیمپ کا افتتاح بلاک میڈیکل آفیسر، پلوامہ، ڈاکٹر عرفانہ غنی نے محکمہ کے دیگر افسران کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر بی ڈی او نے عوام سے بلڈ ڈونیشن کیمپس میں شرکت کرکے خون کا عطیہ پیش کرنے کی ترغیب دی تاکہ عطیہ کیا ہوا خون ایمرجنسی کے دوران کسی ضرورتمند کی زندگی بچانے میں کام آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خون عطیہ کرنے سے نہ تو خون کی کمی ہوتی ہے اور نہ ہی عطیہ کرنے والے کو کسی قسم کی کمزوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ چند دنوں کے اندر ہی جسم میں خون کی مقدار برابر ہو جاتی ہے۔‘‘