کشتواڑ:وادی کشمیر سمیت خطہ چناب میں بھی حکومتی سطح پر کئی سیاحتی مقامات کو فروغ دینے حوالہ سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وہیں اب کوہ پیما بھی ان پہاڑی علاقوں کا رخ کرکے قدرتی حسن سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ خطہ چناب کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں ریاست تمل ناڈو سے آئے ایک کوہ پیما نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران ٹریکرز سے کشتواڑ جیسے علاقوں کا رخ کرنے کی تلقین کی۔
ریاست تمل ناڈو سے کشتواڑ ٹریکنگ پر آئے نتیش کمار نامی ایک کوہ پیما نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ ’’وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ ضلع کشتواڑ بھی قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور کشتواڑ ضلع ٹریکرز کے لیے کسی جنت سے کم نہیں ہے۔‘‘ تاہم انہوں نے سیاحوں خاص طور پر ٹریکرز سے تلقین کی کہ وہ ٹریکنگ کے راستوں پر گندگی، کوڑا کرکٹ ڈالنے سے پرہیز کریں تاکہ یہ قدرتی خزانے آئندہ نسلوں تک محفوظ رہ سکیں۔ نتیش نے بتایا کہ وہ گذشتہ برس بھی کشتواڑ آئے تھے تاہم یہاں کے قدرتی حسن سے وہ اس قدر متاثر ہوئے کہ اس بار بھی انہوں نے کشتواڑ آنے اور یہاں ٹریکنگ کرنے کی ٹھان لی۔