جموں: ایودھیا میں منعقد ہو رہے رام مندر کے افتتاحی پروگرام سے قبل جموں کے مسلم اکثریتی علاقہ گوجر نگر میں حفاظت کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ چند روز قبل کچھ نوجوانوں نے اس علاقے میں مسلم مخالف نعرے بازی کی تھی اور تیز دھار والے ہتھیاروں کے ساتھ گوجر نگر میں مقامی لوگوں میں دہشت پھیلانے کی کوشش کی۔
تاہم لوگوں نے پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی جس کے بعد شہر کے اس انتہائی حساس علاقے میں لوہڑی کی رات تیز دھار ہتھیاروں سے ہنگامہ کرنے والوں میں سے کلیدی ملزم شبھم کو پولس نے امرتسر سے گرفتار کر لیا ہے۔ شبھم ڈوگرہ جموں کا ہی رہنے والا ہے اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج ہیں۔ لوگوں نے پولیس چوکی میں شکایت کی تھی جس کی بنیاد پر پیر مٹھا تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ملزم نے ہنگامہ آرائی کو سوشل میڈیا پر لائیو کر دیا۔
پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دیگر نوجوانوں کو بھی پکڑا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ 13 جنوری کی رات ہنگامہ کرنے کے بعد نوجوان کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا تھا۔ ویڈیو میں گجر نگر کی مرکزی سڑک اور گلیوں میں غنڈے گھومتے نظر آئے۔ اس دوران کچھ لوگوں کو روکا گیا تاہم جموں کے مقامی لوگوں نے پولس کی اس کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔