بارہمولہ:مرکزی ریلوے منسٹر اشوانی ویشنوو نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع تک کا سفر ٹرین میں کیا۔ بارہمولہ میں مرکزی وزیر کا ڈی سی بارہمولہ سمیت ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران نے استقبال کیا۔ بارہمولہ میں مرکزی وزیر نے ریلوے اسٹیشن کا معائنہ کیا اور مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی اور اس صورتحال کا جائزہ لیا۔
مرکزی وزیر نے بارہمولہ ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کو دی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارتی ریلوے کی آخری لائن بارہمولہ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ میں اس سے کافی خوش ہوں اور ہماری کوشش ہے کہ بھارتی ریلوے نیٹ ورک کو اور زیادہ بہتر بنایا جائے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کا خواب ہے کہ بھارتی ریلوے کو دنیا کا سب سے بہتر ریلوے نظام بنایا جا اور اس ضمن میں پوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’بارہمولہ اور اس سے ملحقہ دیگر ریلوے اسٹیشز میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ ٹرین سے سفر کرنے والے افراد کو کسی بھی طرح کی مشکل درپیش نہ آئے۔‘‘