لکھنؤ:لکھنؤ سپر جائنٹس نے مارکس اسٹونیس (89 ناٹ آؤٹ) اور کرونل پانڈیا (49 ریٹائرڈ ہرٹ) کی شاندار بلے بازی کے بعد گیند بازوں کی کارکردگی کی بدولت منگل کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے شاندار مقابلے میں ممبئی انڈینس کو پانچ رنز سے شکست دے کر خود کو پلے آف کی دوڑ میں برقرار رکھا ہے۔ ایکنا اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لکھنؤ نے تین وکٹوں پر 177 رن بنائے جس کے جواب میں ممبئی انڈینس مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 172 رنز ہی بنا سکی۔ اس میچ میں جیت کے ساتھ ہی لکھنؤ پوائنٹس ٹیبل میں 15 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ ممبئی 14 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ لکھنؤ کا اگلا مقابلہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرس سے ہوگا۔
روی بشنوئی (2/26) اور یش ٹھاکر (2/40) اور محسن خان (1/26) نے آخری دو اووروں میں اسٹونیس اور پانڈیا کی عمدہ 82 رنز کی شراکت کے بعد لکھنؤ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ممبئی کی ٹیم اچھی شروعات کرنے کے باوجود جیت سے صرف پانچ قدم دور رہی۔ 178 رنز کے جیت کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی کی اوپننگ جوڑی ایشان کشن (59) اور روہت شرما (37) نے پہلی وکٹ کے لیے باآسانی 90 رنز جوڑے لیکن درمیانی اوورز میں سپر ڈوپر سوریہ کمار یادو (7) اور نہال بڈھیرا (16) ) رنز کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں سستے میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس سے پہلے، ایکنا اسٹیڈیم میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے، لکھنؤ کو اننگز کے تیسرے اوور میں دیپک ہڈا (5) اور پریرک مکند (0) کی صورت میں دو جھٹکے لگے۔ دونوں جیسن بیرنڈورف کا نشانہ بنے۔