چنئی: آئی پی ایل 2023 کا ایلیمینیٹر مقابلہ بدھ کو لکھنؤ سپر جائنٹس اور ممبئی انڈینز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں شام 7:30 بجے سے کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں ہارنے والی ٹیم کا اس سیزن سے سفر ختم ہو جائے گا جب کہ جیتنے والی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے کے لیے کوالیفائر-1 کی ہارنے والی ٹیم گجرات ٹائٹنز سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اس بڑے میچ کے لیے تیار ہیں اور پریکٹس کے ساتھ ساتھ اپنی حکمت عملی بنانے میں بھی مصروف ہیں۔ روہت شرما کی قیادت میں ممبئی انڈینز کی ٹیم گذشتہ کئی میچوں سے اچھا کھیل رہی ہے۔ ایسے میں کرنال پانڈیا کی قیادت میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے لیے اسے شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ حالانکہ ریکارڈ لکھنؤ سپر جائنٹس کے حق میں ہیں۔
ممبئی انڈینز کے تمام اہم بلے باز فارم میں واپس آ چکے ہیں۔ روہت شرما رنز بنا رہے ہیں، ایشان کشن اور سوریہ کمار یادیو اچھی فارم میں ہیں۔ ٹیم ڈیوڈ اور کیمرون گرین بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تلک ورما نے بھی اپنے بلے سے سب کو متاثر کیا ہے۔ جوفرا آرچر اور جسپریت بمراہ کی عدم موجودگی کے باوجود، ممبئی انڈینز نے کپتان روہت شرما کی بدولت پلے آف میں جگہ بنا لی ہے۔ کہیں نہ کہیں ممبئی انڈینس کی کمزوری اس کی بولنگ ہے۔ اس میچ میں ٹاس کا کردار بھی اہم ہوگا۔ ممبئی انڈینز کے کپتان روہت ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا چاہیں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر ٹیم کے پاس ایسی بیٹنگ لائن اپ ہے تو وہ 200+ کا ہدف آسانی سے حاصل کر سکتی ہے۔ ممبئی کی بولنگ ایک بار پھر تجربہ کار اسپنر پیوش چاولہ کے ہاتھ میں ہوگی، جو 20 وکٹوں کے ساتھ ٹیم کے سب سے کامیاب بولر ہیں۔