ممبئی:لکھنؤ سُپر جائنٹس اور رائل چیلنجرز بنگلور آج ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ شام 7:30 بجے شروع ہوگا۔ لکھنؤ کے کپتان کے ایل راہل اس وقت شاندار فارم میں چل رہے ہیں جب کہ دنیش کارتک آر سی بی کی جانب سے ایک نئے کردار میں نظر آ رہے ہیں اور آج ایک بار پھر ایل راہُل اور کوئنٹن ڈی کاک کے بلے اور دنیش کارتک کی دھواں دھار فارم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ لکھنؤ نے پچھلے میچ میں ممبئی انڈینز کو اور آر سی بی نے آخری میچ میں دہلی کیپٹلز کو شکست دی ہے۔ دونوں کے چھ میچوں میں آٹھ پوائنٹس ہیں اور آج ان کا مقصد جیت کا سلسلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ IPL Match Preview
آر سی بی کو لکھنؤ کے خلاف اپنی ٹاپ آرڈر بیٹنگ کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ کپتان فاف ڈو پلیسس پہلے میچ کے بعد سے نہیں چل پا رہے ہیں اور اوپنر انوج راوت بھی مسلسل فارم میں نہیں ہیں جبکہ وراٹ کوہلی کا بیٹ بھی خاموش ہے اور اچھی فارم میں نظر آنے کے باوجود وہ بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہو پارہے ہیں۔ میکسویل کے آنے سے بیٹنگ مضبوط ہوئی ہے۔ اس آسٹریلوی آل راؤنڈر نے دہلی کے خلاف 34 گیندوں میں 55 رنز بنائے تھے۔ اس کے ساتھ ہی دنیش کارتک ٹیم کے لیے اپنے طور پر میچ جِتا رہے ہیں اور انہوں نے ایک فنشر کا کردار ادا کیا ہے۔
اس سیزن میں وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کا ایک نیا روپ دیکھنے کو ملا ہے۔ بھارتی ٹیم میں واپسی کی کوشش کرنے والے کارتک نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی بنیاد پر آر سی بی لیگ میں پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ فور میں ہے۔ اس کے علاوہ انجینئر سے کرکٹر بنے شہباز احمد نے بھی اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا ہے جبکہ گیند بازی میں جوش ہیزل ووڈ نے دہلی کے خلاف شاندار اسپیل سے میچ کا رخ بدل دیا تھا اور آسٹریلوی تیز گیند باز فارم کو جاری رکھنا چاہیں گے۔ سب کی نظریں سری لنکا کے لیگ اسپنر وانندو ہسارنگا پر ہوں گی جب کہ ڈیتھ اوورز کے ماہر ہرشل پٹیل بھی اپنی کارکردگی سے چھاپ چھوڑنے کی کشش کریں گے۔