اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

پلوامہ میں حضرت سوچھ صاب کرالؒ کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

حضرت سوچھ کرالؒ پیشے کے اعتبار سے کمہار تھے اور اپنی محنت سے حلال روزی کماتے ہوئے ایک نہایت سادہ اور زاہدانہ زندگی گزارتے رہے۔

پلوامہ میں حضرت سوچھ صاب کرالؒ کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
پلوامہ میں حضرت سوچھ صاب کرالؒ کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا (ETV Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 22, 2026 at 6:52 PM IST

پلوامہ : وادیٔ کشمیر کی سرزمین نے ہمیشہ ایسے صوفی بزرگوں، عارفوں اور شاعروں کو جنم دیا ہے جنہوں نے اپنی سادہ زندگی، روحانی فکر اور صوفیانہ کلام کے ذریعے لوگوں کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا۔ انہی عظیم شخصیات میں حضرت سوچھ صاب کرالؒ کا نام بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔

پلوامہ میں حضرت سوچھ صاب کرالؒ کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا (ETV Bharat)

وادی کے مشہور و معروف صوفی بزرگ، شاعر اور صاحبِ معرفت حضرت سوچھ صاب کرالؒ کا عرسِ مبارک آج ضلع پلوامہ کے ایندر گاؤں میں واقع ان کے آستانِ عالیہ پر نہایت ہی عقیدت و احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔حضرت سوچھ صاب کرالؒ کا اصل نام اسماعیل تھا۔ وہ سنہ 1782ء میں پلوامہ کے گاؤں ایندر میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد حضرت عارف کرالؒ بھی ایک صوفی شاعر تھے۔

حضرت سوچھ کرالؒ پیشے کے اعتبار سے کمہار تھے اور اپنی محنت سے حلال روزی کماتے ہوئے ایک نہایت سادہ اور زاہدانہ زندگی گزارتے رہے۔ دنیاوی آسائشوں کے بجائے انہوں نے اللہ تعالیٰ کی عبادت، توحید، تصوف، عشقِ الٰہی اور انسان دوستی کو اپنی زندگی کا محور بنایا۔حضرت سوچھ صاب کرالؒ اپنے دور کے معروف صوفی بزرگ اور شاعر حضرت مومن صابؒ بابگام کے شاگرد تھے۔ ان کی شاعری میں توحید، معرفت، عشقِ حقیقی، تصوف اور روحانی اصلاح جیسے موضوعات نمایاں ہیں۔

ان کا صوفیانہ کلام آج بھی کشمیر کی ادبی اور ثقافتی روایت کا اہم حصہ ہے اور مختلف محافل میں عقیدت کے ساتھ پڑھا اور گایا جاتا ہے۔عرسِ مبارک کے موقع پر مختلف علاقوں اور اضلاع سے بڑی تعداد میں عقیدت مند آستانِ عالیہ پر پہنچے اور حضرت سوچھ صاب کرالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ حسبِ روایت زائرین کی جانب سے درود و اذکار، نعت و مناجات اور دیگر روحانی محافل کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے فنکاروں نے حضرت سوچھ صاب کرالؒ کے صوفیانہ کلام پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ پروگرام کے دوران ساز و سماع کی محفلیں بھی منعقد ہوئیں، جہاں فنکاروں نے حضرت سوچھ صاب کرالؒ کے کلام کو اپنی آواز میں پیش کرکے ان کی صوفیانہ تعلیمات اور روحانی پیغام کو اجاگر کیا۔عرس کی تقریبات میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: چھ سال سے زائد قید کے باوجود پلوامہ دہشت گرد حملہ کی ملزمہ کو ضمانت عرضی خارج کیوں ہوئی؟

وہیں ملک، بالخصوص وادیٔ کشمیر میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔حضرت سوچھ صاب کرالؒ نے 29 نومبر 1854ء کو وفات پائی اور ان کا مزارِ مبارک آج بھی ایندر پلوامہ میں عقیدت مندوں کے لیے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہر سال ان کا عرس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے، جہاں لوگ ان کی روحانی خدمات، صوفیانہ فکر اور کشمیری زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات کو یاد کرتے ہیں۔