شوپیاں (جموں کشمیر) :جموں کشمیر پولیس نے منگل کے روز جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جو خود کو پولیس کے قریبی ساتھی کے طور پر ظاہر کر رہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی شوپیاں ضلع میں پولیس نے منگل کے روز اُس وقت انجام دی جب انہیں ایک شکایت موصول ہوئی کہ دو بھتہ خور خود کو پولیس کے قریبی ساتھی جتلا کر لوگوں کو لوٹ رہے ہیں اور جیلوں میں بند مختلف قیدیوں کو چھڑانے کے نام پر لوگوں سے پیسہ وصول کر رہے ہیں۔
شوپیاں پولیس نے شکایت موصول ہونے کے بعد ان دونوں بھتہ خوروں کو گرفتار کرکے انہیں سلاکھوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ ذرائع کے حوالہ سے بھتہ خوروں کی شناخت عبد المجید اور اقبال احمد کے طور پر ہوئی ہے، دونوں شوپیاں ضلع کے رہائشی ہیں۔ اس حوالہ سے پولیس اسٹیشن شوپیاں میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 43/2024 دفعہ 420/ 506 آئی پی سی درج کر کرکے اس کیس کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔