ETV Bharat / state

Srinagar Children Hospital سرینگر کے چلڈرن ہسپتال میں ایک ہی پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ تعینات

author img

By

Published : May 13, 2023, 8:35 AM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

سرینگر کے چلڈرن ہسپتال میں ایک ہی پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ہونے سے بچوں کا ایکو کاڈیوگراف کرانے کے لئے کئی دنوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔

سرینگر کے چلڈرن ہسپتال میں ایک ہی پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ تعینات

سرینگر: جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بچوں کے ہسپتال کی تعمیر سے کشمیری عوام کو بڑی راحت ملی تھی۔ گزشتہ کئی ماہ سے چل رہے اس پانچ سو بیڈ کے ہسپتال میں متعدد ڈاکٹر اور نرسز تعینات ہیں۔ تاہم وادی کے اس واحد بچہ ہسپتال میں ایک ہی پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ (Paediatric Cardiologist) تعینات ہے جس پر مریضوں کا کافی دباؤ رہتا ہے۔ پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ان بچوں کے ایکو کاڈیوگراف ( Echo Cardiograph) کرتے ہیں جو دل کے امراض میں مبتلا ہو۔ ایک ہی ڈاکٹر دستیاب ہونے سے بچوں کا ایکو کاڈیوگراف کرانے کے لئے دنوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔جس وقت یہ ڈاکٹر چھٹی پر ہوجاتے ہیں تو ہسپتال کا یہ سکشن بند ہوتا ہے۔ایسے میں والدین نجی طبی مراکز پر جانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے ہسپتال میں دوسرے پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ تعینات کرنے میں فکر مند نہیں ہے۔ سرینگر کے ایک شہری امتیاز احمد نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ایل جی انتظامیہ کو بچوں کے اس واحد ہسپتال میں جلد از جلد دوسرا پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ تعینات کرنا چاہیے تاکہ بچوں کو بروقت علاج و معالجہ دستیاب ہوسکے۔ ڈاکٹر کے علاوہ اس ایکو کاڈیوگراف سکشن میں اس ڈاکٹر کے ساتھ ایک ہی ٹیکنیشن تعینات ہے۔

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے بتایا کہ انہوں نے اعلی حکام کو دوسرے ڈاکٹر تعینات کرنے کے متعلق مطلع کیا ہے، لیکن سرکار سنجیدگی سے اس پر غور و فکر نہیں کر رہی ہے۔ محکمہ میڈیکل ایجوکیشن کے سیکریٹری بھوپندر کمار نے بتایا کہ وہ اس اہم معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔ قابل غور ہے کہ وادی کا یہ بچہ ہسپتال پہلے لعل دید ہسپتال میں قائم تھا جہاں جگہ کی کمی کی وجہ سے اسے سنوارنے میں جی بی پنٹ ہسپتال میں عارضی طور منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم جی بی پنٹ ہسپتال میں بھی جگہ کی کمی تھی اور وہاں علاج کے لئے کوئی سہولیات دستیاب نہیں تھی۔ واضح رہے کہ سنہ 2012 میں عمر عبداللہ کے دور حکومت میں جی بی پنت ہسپتال میں درجنوں بچوں کی موت ہوئی تھی جس کے بعد حکومت نے بمنہ میں نیا بچہ ہسپتال بنانے کو منظوری دی تھی۔ بمنہ ہسپتال کا سنگ بنیاد سنہ 2015 میں سابق وزیراعلٰی مرحوم مفتی سعید نے رکھا تھا۔ سات برسوں سے تعمیر کئے جانے والے اس نئے ہسپتال کو 22 ستمبر سنہ 2022 کو عوام کے نام وقف کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : Children’s Hospital gets a new address بمنہ میں چلڈرن ہسپتال کو مکمل طور پر شروع نہیں کیا گیا

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.