ETV Bharat / state

rains lash kashmir : کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں پانی سطح میں اضافہ

author img

By

Published : Jul 8, 2023, 12:38 PM IST

وادی کشمیر سمیت خطہ چناب میں بارشوں کے سبب جہاں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہیں وہیں سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک بند ہونے کے علاوہ امرناتھ یاترا کو بھی احتیاطی طور معطل کر دیا گیا ہے۔

ا
ا

سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے بھاری بارشوں کا سلسلہ 9 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس دوران صوبہ جموں سمیت کشمیر کے بعض حصوں میں بھی بھاری بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں امر ناتھ جی یاترا متاثر ہو سکتی ہے اور دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا بھی امکان ہے جس کے نتیجے میں سیلابی ریلے آ سکتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ بارشوں سے کہیں کہیں مٹی کے تودے گر آنے یا زمین کھسکنے کے بھی خطرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری بارشوں کے نتیجے میں زمینی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔

بارشوں کے حوالہ سے محکمہ موسمیات نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں 20.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 94.0 ملی میٹر، پہلگام میں 73.3 ملی میٹر، کپوارہ میں 17.3 ملی میٹر اور گلمرگ میں 42.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ دریں اثنا بارشوں کے باعث وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔ ادھر، خراب موسم کے پیش نظر دوسرے روز بھی امرناتھ یاترا معطل رہی۔

شبانہ درجہ حرارت کے حوالہ سے اعداد و شمار فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرمائی دارلحکومت سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت14.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت16.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت15.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 14.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت15.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.