ETV Bharat / state

'لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر صورتحال قابو میں ہے'

author img

By

Published : Jun 19, 2020, 7:46 PM IST

سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو
سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو

سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے کہا کہ لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر صورتحال قابو میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہاں جس کارروائی کی بھی ضرورت پڑے گی بھارتی فوج وہ انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سرینگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو

لیفٹیننٹ جنرل راجو نے جمعہ کے روز سرینگر کے بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع پندرہویں کور کے ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران لداخ کی تازہ صورتحال کے متعلق پوچھے جانے پر کہا: 'لداخ میں آپریشنز فوج کی 14 ویں کور دیکھتی ہیں۔ یہ شمالی کمان کے تحت آتی ہے جس کا ہم بھی حصہ ہیں۔ جہاں تک میری جانکاری کا تعلق ہے وہاں سرحد پر صورتحال قابو میں ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'وہاں جس کارروائی کی بھی ضرورت پڑے گی۔ ہم وہ انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں'۔

لائن آف کنٹرول پر جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں موصوف لیفٹیننٹ جنرل نے کہا: 'ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پاکستان کی قدیم پالیسی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عسکریت پسندوں کو اس طرف ڈھکیلا جاسکے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو وادی میں قیام امن سے خوش نہیں ہے جب بھی وادی میں امن قائم ہوجاتا ہے تو وہ تشدد بھڑکاتا ہے'۔

واضح رہے کہ لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر پیر اور منگل کی درمیانی شب کو چین اور بھارت کی افواج کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں ایک کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔

اس ہلاکت خیز جھڑپ کے باعث جہاں لداخ یونین ٹریٹری میں خوف و ہراس کا ماحول سایہ فگن ہے۔ وہیں دوسری طرف سرینگر – لیہہ قومی شاہراہ پر فوجی اور جنگی ساز و سامان والی گاڑیوں کی نقل وحمل بڑھ جانے سے بھی لوگوں میں تشویش و فکر مندی مزید بڑھ گئی ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.