ETV Bharat / state

کشمیر میں 10 نومبر تک موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں: محکمہ موسمیات

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Nov 2, 2023, 2:12 PM IST

No possibility of widespread weather deterioration in Kashmir
No possibility of widespread weather deterioration in Kashmir

وادی کشمیر میں دس نومبر تک موسم خراب نہیں ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سات اور آٹھ نومبر کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔ Jammu Kashmir Weather

سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 10 نومبر تک موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں جمعرات کی شام پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 3 سے 6 نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 7 اور 8 نومبر کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ وادی میں 9 اور 10 نومبر کو بھی موسم ابر آلود ہی رہ سکتا ہے اور اس دوران کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 10 نومبر تک بڑے پیمانے پر موسم خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت8.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: انتظامیہ نے سردیوں میں عوام کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، آر آر بھٹناگر

دریں اثنا ساز گار موسمی حالات کے بیچ وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ اور سری نگر- لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک بغیر کسی خلل کے رواں دواں ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.