ETV Bharat / state

Advisor to LG on Winter Preparation : انتظامیہ نے سردیوں میں عوام کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، آر آر بھٹناگر

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 23, 2023, 7:59 PM IST

ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر نے سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما کے دوران عوام کو سال گزشتہ کے مقابلے میں بہتر خدمات فراہم کرنے کے حوالہ سے انتظامیہ نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔

a
a

سرینگر: جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا کہنا ہے کہ حکومت نے سردیوں کے مہینوں کے لئے درکار خدمات کے لحاظ سے صلاحیتوں کو کافی بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موم سرما کے دوران تمام خدمات بشمول صحت، ایمرجنسی ٹرانسپورٹ، پولیس خدمات وغیرہ کو عوام کے لئے دستیاب رکھا جائے گا تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ مشیر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔

آر آر بھٹناگر نے کہا: ’’حکومت نے موسم سرما کے دوران برف ہٹانے اور دیگر ضروری کاموں کے ساتھ نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر کیا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’امسال حکومت نے اپنی صلاحیتوں کو سال گزشتہ سے بھی زیادہ بہتر کیا ہے۔‘‘ بھٹناگر نے کہا کہ ہم امسال سرما کے دوران ممکنہ ایمرجنسی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے زیادہ تیار ہیں گرچہ سال گزشتہ بھی ہم تمام صلاحیتوں سے لیس تھے۔

مزید پڑھیں: Power Crises In Kashmir کشمیر میں موسم سرما کے دوران بجلی کٹوتی میں اضافہ کیوں ؟

انہوں نے مزید کہا: ’’بجلی، ایمرجنسی خدمات، ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے حوالے سے تمام تیا ریاں کی جا رہی ہیں تاکہ صورتحال کا موثر اور بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ موسم سرما کے دوران لوگوں کو ضروری خدمات بہم پہنچانے کے لئے ضروری اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے اور یہ عمل مقررہ وقت تک مکمل کیا جائے گا۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.