ETV Bharat / state

Kashmir Weather Update کشمیر میں برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری، شبانہ درجۂ حرارت معمول سے کم ریکارڈ

author img

By

Published : May 9, 2023, 12:15 PM IST

محکمۂ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 10 سے 12 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور اس دوران دن کے درجۂ حرارت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ snow and rain in Kashmir

کشمیر میں برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری
کشمیر میں برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری

سری نگر: وادی کشمیر میں کئی دنوں کے برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد از دوپہر کئی جگہوں پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 10 سے 12 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور اس دوران دن کے درجۂ حرارت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 13 سے15 مئی تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا ہی امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

محکمے نے باغ مالکوں سے 10 مئی تک باغوں کی دوا پاشی کرنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے۔ ادھر وادی میں ناساز گار موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجۂ حرارت معمول سے نیچے درج ہو رہا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجۂ حرارت 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 0.5 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: Rains In Kashmir بارشوں کی وجہ سے اننت ناگ کے کئی مقامات پر سڑکیں زیر آب

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجۂ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجۂ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

یو این آئی

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.