ETV Bharat / state

Driver Trying to Molest Woman Arrested: خاتون کے ساتھ دست درازی کے الزام میں نوجوان گرفتار

author img

By

Published : Aug 9, 2023, 7:37 PM IST

خاتون کے ساتھ دست درازی کے الزام میں نوجوان گرفتار
خاتون کے ساتھ دست درازی کے الزام میں نوجوان گرفتار

سرینگر پولیس نے خاتون کے ساتھ چلتی گاڑی میں دست درازی کے الزام میں ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دو خواتین کو ایک دکان میں لڑکی کے ساتھ مار پیٹ کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔

سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں بدھ کے روز ایک اور چونکا دینے اور شرمسار کرنے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ سرینگر پولیس کے مطابق ایک نوجوان نے چلتی گاڑی میں ایک لڑکی کے ساتھ دست درازی کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف تعذیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت کیس بھی درج کر لیا گیا ہے۔

سرینگر پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’سرینگر کے رعناواری پولیس سٹیشن کو ایک خاتون کی جانب سے تحریری طور شکایات موصول ہوئی تھی جس میں شکایات کنندہ نے دعوی کیا کہ اس نے بشمبر نگر (خانیار) کے قریب ایک گاڑی سے لفٹ مانگی اور ڈرائیور نے خاتون کو اپنی گاڑی میں بٹھا کرچلتی گاڑی میں سفر کے دوران اس کے ساتھ دست درازی کی کوشش کی جس کی خاتون نے سخت مزاہمت کی۔‘‘ پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’خاتون کی مزاہمت کے بعد ڈرائیور نے بوٹہ کدل (لعل بازار) میں چلتی گاڑی سے زبردستی خاتون کو اتارا جس کے پیش نظر خاتون کو چوٹیں بھی آئیں۔‘‘

پولیس کے مطابق خاتون کی جانب سے تحریری طور شکایت موصول ہونے کے بعد ’’تحقیقات شروع کی گئی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ سی سی ٹی وی کی جانچ سے ملزم کی شناخت کی گئی اور پولیس اسٹیشن رعناواری نے انتہائی کم وقت میں ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔‘‘ جہاں پولیس نے اس معاملے میں تعذیرات ہند کی دفعات 342، 366، 354، 307 کے تحت پولیس اسٹیشن رعناواری میں ایف آئی آر(35/2023) درج کر لی ہے وہیں پولیس نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے احاطے میں سی سی ٹی وی نصب کریں کیونکہ ’’اس سے ایسے گھناؤنے جرائم کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔‘‘

مزید پڑھیں: Father Arrested for Attempting to Kill Son: قاتلانہ حملہ کرکے فرزند کو زخمی کرنے والا والد گرفتار

دریں اثناء، بدھ کو ہی پیش آئے ایک اور معاملے میں سرینگر پولیس نے دو خواتین کو گرفتار کر لیا ہے جن پر، مبینہ طور، سرینگر کے بولیوارڈ روڑ پر واقع ایک دکان میں ایک لڑکی کے ساتھ مار پیٹ کر کے اس کو زخمی کرنے کا الزام ہے۔ حراست میں لی گئی دونوں خواتین کی شناخت پولیس کی جانب سے سرینگر کے نشاط علاقے کی رہنے والی عرفانہ بٹ اور رخسانہ کے طور پر کی گئی ہے۔ ان دونوں کے خلاف سرینگر پولیس نے قانون کی مختلف دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن رام منشی باغ میں ایف آئی آر زیر نمبر 119/2023 بھی درج کر لی ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کو ہی سرینگر میں پیش آئے ایک اور چونکانے والے واقعے میں ایک والد نے اپنے ہی فرزند کو، مبینہ طور، قتل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس بیان کے مطابق سونہ وار علاقے سے تعلق رکھنے والے محمود احمد وانی اور اس کے فرزند کے مابین کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد والد نے تیز دھار والی شئی سے فرزند پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا۔ فرزند کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے جبکہ والد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.