ETV Bharat / state

قابل فخر کارنامہ انجام دینے والا بینائی سے محروم نوجوان محمد اشرف

author img

By

Published : Nov 13, 2021, 5:35 PM IST

بینائی سے محروم محمد اشرف صوفی نے کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لیکر قابل فخر کارنامہ انجام دیا۔ تاہم حکومت کو بھی اشرف جیسے افراد کے ہنر کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔

بینائی سے محروم قابل فخر کام انجام دینے والا نوجوان محمد اشرف
بینائی سے محروم قابل فخر کام انجام دینے والا نوجوان محمد اشرف

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد اشرف صوفی نے نابینا ہونے کے باوجود جموں میں منعقدہ پہلی آئی ایم ایف نیشنل سپورٹس کلائمبنگ کمپٹیشن میں حصہ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

محمد اشرف نے نجی زندگی، کھیل کود سے دلچسپی سمیت متعدد معاملات پر ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔

بینائی سے محروم قابل فخر کام انجام دینے والا نوجوان محمد اشرف

ضلع پلوامہ کے ترچھ گاؤں سے تعلق رکھنے والے محمد اشرف صوفی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بینائی سے محروم ہونے کے سبب انہیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق اسکول جانے میں دقتوں کے پیش نظر وہ آٹھویں جماعت سے زیادہ پڑھائی نہیں کر پائے۔

محمد اشرف نے کہا کہ انہیں کھیل کود میں کافی دلچسپی تھی، تاہم نابینا ہونے کی وجہ سے وہ کسی بھی کھیل کود کی سرگرمی کا حصہ نہیں بن پاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں دیواریں پھاندنا، اونچے درختوں پر چڑھنے کا شوق بچپن سے ہی تھا اور کوچ کی مدد سے انہوں نے وال کلائمپنگ کی پریکٹس شروع کی۔

اشرف نے جموں میں منعقدہ پہلی آئی ایم ایف نیشنل سپورٹس کلائمبنگ مقابلے میں حصہ لیا جہاں انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اشرف کے مطابق ’’یہ پہلا ایسا موقع تھا جب میں نے کسی کھیل مقابلے میں حصہ لیا۔‘‘

مزید پڑھیں:

نیشنل سپورٹس کلائمبنگ کمپٹیشن میں حصہ لیکر اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر اشرف نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے ضلع میں اس طرح کی کھیل سرگرمیوں کے فقدان پر حیرت و افسوس کا بھی اظہار کیا۔

ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے اشرف نے کہا کہ ضلع میں اسپورٹس سرگرمیوں کے فقدان کے باعث یہاں کے با ہنر اور صلاحیت مند نوجوان آگے نہیں بڑھ پاتے۔

انہوں نے ضلع انتظامیہ سے نوجوان کھلاڑیوں کے ہنر کو نکھارنے، انہیں بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی۔

ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے اشرف نے مزید کہا کہ وہ بچپن سے ہی کسی پر منحصر نہیں رہنا چاہتے اور از خود روزگار کمانے اور دوسروں کے لیے مثال بننے کے خواہاں ہیں۔

بینائی سے محروم اشرف نے کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لیکر قابل فخر کام انجام دیا ہے۔ تاہم حکومت کو بھی اشرف جیسے افراد کے ہنر کی ستائش اور حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.