پونچھ: پونچھ کے دشنامی اکھاڑہ سے پیر کی صبح چھڑی مبارک وشیواتما آنند سرسوتی کی قیادت میں منڈی میں واقع بڈھا امرناتھ مندر کے لئے روانہ ہوئی۔یہ چھڑی مبارک شام کو بڈھا امرناتھ مندر پہنچ جائے گی جہاں اس کی پوجن کی جائے گی۔
قبل ازیں پونچھ کے دشنامی اکھاڑہ میں چھڑی مبارک کی پوجن کی گئی جس میں ضلع مجسٹریٹ پونچھ، پولیس اور فوج کے افسروں کے علاوہ سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔جموں و کشمیر پولیس کے جوانوں نے چھڑی مبارک کو سلامی دے کر منڈی کے لئے روانہ کیا۔
پونچھ سے منڈی تک کے 22 کلو میٹر کے راستے پر سخت سکیورٹی بندوبست کے ساتھ ساتھ یاتریوں کے لئے کھانے پینے کے علاوہ دیگر سہولیات کا بھی کا بھر پور انتظام کیا گیا ہے۔اس موقع پر ایک سادھو نے میڈیا کو بتایا کہ چھڑی مبارک بڈھا امرناتھ مندر کے لئے صبح ساڑے نو بجے روانہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پوجن میں امن و آشتی، بھائی چارے اور ملک کی ترقی کے لئے دعا کی۔یہ یاترا 19 اگست سے شروع ہوئی تھی اور حکام نے گیارہ دنوں تک جاری رہنے والی اس یاترا کے یاتریوں کے لئے موبائل بیت الخلا، لنگر، پانی اور بجلی وغیرہ کا معقول بندو بست کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Buddha Amaranth Yatra بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے جموں سے پہلا جتھا روانہ
قابل ذکر ہے کہ پونچھ کے منڈی علاقے میں واقع بھگوان شیو کے نام وقف بابا بڈھا امرناتھ مندر جموں کے قدیم ترین مندروں میں شمار کیا جاتا ہے۔اگرچہ اس مندر میں سال بھر عقیدت مندوں کا آنا جانا رہتا ہے تاہم یاترا کے دوران یاتریوں کی غیر معمولی بھیڑ رہتی ہے۔
(یو این آئی کے ساتھ)