ETV Bharat / state

مسلح فوج کے خوف سے کشمیر میں پتھربازی نہیں ہو رہی: فاروق عبداللہ

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 22, 2023, 12:37 PM IST

Updated : Dec 22, 2023, 4:00 PM IST

Farooq Abdullah on Stone throwing incidents in Kashmir ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کٹھوعہ، جموں میں دہلی سے واپسی پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی طور گفتگو کی۔

farooq abdullah
farooq abdullah

فاروق عبداللہ جموں میں میڈیا نمائندوں سے مخاطب

کٹھوعہ (جموں کشمیر) : ’’جموں و کشمیر میں اب بھی خوف و دہشت کا ماحول ہے، حکومتی دعووں کے برعکس سیکورٹی صورتحال ابتر ہے، شکر ہے کہ کسی سیاح پر حملہ نہیں ہو رہا، اگر ایک بھی سیاح پر گولی چلی تو یہاں کوئی نہیں آئے گا، ہمارے کھانے پینے کے واندے ہو جائیں گے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صوبہ جموں کے کٹھوعہ ضلع میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے معطل کیے جانے کے بعد فاروق عبداللہ دارالحکومت دہلی سے جموں کی طرف واپس آرہے تھے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمیت قریب ڈیڑھ سو لوک سبھا ممبران کو پارلیمنٹ کے بقیہ سرمائی اجلاس سے معطل کر دیا گیا ہے۔ فاروق عبداللہ نے دہلی سے جموں واپسی پر، کٹھوعہ ضلع میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی سخت سرزنش کی۔ فاروق عبداللہ نے کہا: ’’ہم نے تو صرف ایک سوال کیا کہ پارلیمنٹ میں سیکورٹی کیسے بریچ ہوئی، سارے ہندوستان کی سیکیورٹی کون دیکھتا ہے؟ ہوم منسٹری، ہماری گزارش تھی کہ ہوم منسٹر صاحب آئیں، (اور اس کی وضاحت کریں)۔‘‘ فاروق عبداللہ نے سیکورٹی بریچ کے حوالہ سے مزید کہا: ’’یہ محض ایک سیکورٹی بریچ نہیں، بلکہ اندر آنے والے بم ساتھ لا سکتے تھے، زہریلی گیس چھوڑی جا سکتی تھی۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے وقت کہا گیا تھا کہ یہ امریکہ سے بھی زیادہ محفوظ ہے۔‘‘ فاروق عبداللہ کے مطابق ’’یہ سوال پوچھے جانے پر ہمیں پارلیمنٹ سے نکالا گیا اور اسی اثناء میں ضروری بلیں پاس ہو رہی ہیں۔‘‘

جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال کے حوالہ سے انہوں نے کہا: ’’جب ہوم منسٹری ہی اپنا کام ٹھیک سے نہیں انجام دے رہی تو سیکورٹی کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ کشمیر میں کرکٹ کھیل رہے ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کیا گیا۔‘‘ جموں کشمیر میں ہو رہی ہلاکتوں، انکاؤنٹرز کے پس منظر میں فاروق عبداللہ نے کہا: ’’کوکرناگ میں زخمی ڈی وائی ایس پی نے پولیس افسران سے مدد کی، مگر پولیس کے اعلیٰ افسران نے ان کی مدد نہیں کی۔ اس طرح کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں، شکر ہے کہ کسی سیاح پر حملہ نہیں ہو رہا۔ اگر ایک بھی سیاح کو گولی لگی تو یہاں سیاح تو کجا، کوئی نہیں آئے گا۔ اگر ایسا ہوا تو ہم کیا کھائیں گے۔‘‘

دفعہ 370کی تنسیخ پر سپریم کورٹ کی مہر تصدیق کے حوالہ سے فاروق نے کہا: ’’پہلے کہا گیا تھا کہ دفعہ 370مستقل (پرماننٹ ہے) اب کہا جا رہا ہے کہ عارضی تھا، ہم نے (عدالتوں) کے کئی فیصلے دیکھے ہیں۔‘‘ یہ پوچھے جانے پر کہ وہ اور ان کی پارٹی کیا دفعہ 370کے حوالہ سے دوسری پیٹیشن دائر کریں گے؟ فاروق عبداللہ نے کہا: ’’ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا؟ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔‘‘

مزید پڑھیں: پونچھ حملہ: ڈی کے جی علاقے میں پانچ فوجی ہلاک، سرچ آپریشن جاری

فاروق عبداللہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا: ’’ وہ یہ بھی کہتے تھے کہ 370 ہی ٹیررزم (دہشت گردی) کیلئے ذمہ دار ہے۔ مگر اب (دفعہ 370کو ہٹائے جانے کے باوجود) دہشت گردی موجود ہے۔‘‘ دفعہ 370کے بعد ہو رہی ہلاکتوں اور عسکری کارروائیوں کے حوالہ سے فاروق عبداللہ نے کہا: ’’اگر وہ کہتے ہیں کہ دفعہ 370ہی دہشت گردی کی اصل وجہ ہے تو گزشتہ روز سرنکوٹ میں کیا ہوا؟ عیدگاہ، سرینگر میں کیوں مارا گیا ایک پولیس اہلکار کو جو نہتا تھا اور کرکٹ کھیل رہا تھا۔‘‘ کوکرناگ انکاؤنٹر کے حوالہ سے انہوں نے کہا: ’’جب وہ ڈی وائی ایس پی زخمی ہو گیا، اس نے گھر والوں کو فون کیا کہ وہ زخمی ہے۔ ہیلی کاپٹر ہوا میں گردش کر رہا تھا مگر اسے بچانے نیچے لینڈ نہیں کیا۔ حالانکہ اس نے اعلیٰ افسران سے کہا بھی کہ ہیلی کاپٹر نیچے اتارو، میں زخمی ہوں مجھے بچاؤ، مگر ڈی جی جموں وکشمیر پولیس کے بلند و بانگ دعووں کے برعکس ڈی وائی ایس پی کو بچایا نہیں گیا۔ حالانکہ چند ماہ قبل ہی ان کے ہاں بچہ پیدا ہوا۔ کیا بیت رہی ہوگی اس کی زوجہ پر۔‘‘

یہ پوچھے جانے پر کہ بی جے پی کے دعووں کے مطابق جموں و کشمیر خاص کر وادی میں پتھر پھینکنے، پتھر بازی کے واقعات بند ہوئے ہیں، فاروق عبداللہ نے کہا: ’’ہر ایک گھر کے سامنے بندوق تانے (مسلح) فوجی/پولیس اہلکار تعینات ہے۔ جس دن انہیں ہٹایا گیا، یا بندوق اٹھائی گئی، اس دن میرے سر پر بھی پتھر برسائے جائیں گے۔‘‘ بہ الفاظ دیگر فاروق عبداللہ کے مطابق بندوق کی زور یا بندوق کے ڈر سے ہی پتھر بازی بند ہوئی ہے۔

Last Updated : Dec 22, 2023, 4:00 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.