ETV Bharat / state

Karnataka CM oath ceremony سدارامیا آج وزیر اعلی عہدے کا حلف لیں گے

author img

By

Published : May 20, 2023, 7:21 AM IST

Updated : May 20, 2023, 9:01 AM IST

حلف برداری تقریب
حلف برداری تقریب

حال ہی میں کرناٹک میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ وہیں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل ہونا پڑا۔ شاندار مظاہرے کے بعد اب کانگریس پارٹی حکومت سازی کی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل ہے۔

کرناٹک: سدارامیا کرناٹک کے 30ویں وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔ وہ آج بروز ہفتہ حلف لے کر اپنی دوسری میعاد کا آغاز کریں گے۔ سدارامیا اس سے قبل 2013 سے 2018 تک پہلی بار وزیر اعلی کی مدت کی تکمیل کر چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ سدارامیا اور ڈی کے شیو کمار کے ساتھ 25-26 ایم ایل اے بھی وزیر کے طور پر حلف لے سکتے ہیں۔ ان میں ڈی کے شیو کمار اور سدارامیا کے کیمپ کے ایم ایل اے شامل ہوں گے۔

سدارامیا ریاست کے 30 ویں وزیر اعلی کے طور پر اپنی دوسری میعاد شروع کرنے والے ہیں۔ کرناٹک میں 13 مئی کو انتخابات کے نتائج آئے۔ کانگریس کو 135 سیٹیں ملی ہیں۔ وہیں بی جے پی نے 66 اور جے ڈی ایس نے 19 سیٹیں جیتیں۔ اکثریت حاصل کرنے کے بعد کانگریس نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ایک ہفتہ کا وقت لیا، جس میں کافی غور و خوض کے بعد سدارامیا کو سی ایم کی کرسی سونپی گئی اور ڈی کے شیوکمار کو نائب وزیراعلیٰ کی نشست پر بٹھایا گیا۔ حالانکہ پہلے یہ کہا جا رہا تھا کہ کانگریس ریاست میں تین نائب وزیر اعلیٰ کا فارمولہ اپنا سکتی ہے، لیکن اب ڈی کے شیوکمار ہی نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

گورنر کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ

کانگریس کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے اعلان کے بعد بنگلورو میں لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں کرناٹک کے کانگریس انچارج نے سدارامیا کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اس پر اتفاق کرتے ہوئے تمام ارکان اسمبلی نے سدارامیا کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا۔ اس کے بعد سدارامیا اور ڈی کے شیوکمار نے گورنر تھاور چند گہلوت سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔

سدارامیا 12:30 بجے حلف لیں گے

گورنر تھاورچند گہلوت نے سدارامیا اور شیوکمار کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ 20 مئی کو دوپہر 12.30 بجے حلف لینے کی دعوت دی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کانتیراوا اسٹیڈیم میں منعقد کی جارہی ہے۔ اس کے لیے افسران گزشتہ منگل سے کام کر رہے ہیں۔ کانگریس بھی اس حلف برداری کے ذریعے اپوزیشن اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہے، ایسے میں مہمانوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ڈی کے نے اسٹیڈیم پہنچ کر حلف برداری کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔

یہ وزراء حلف لے سکتے ہیں

سدارامیا کی کابینہ میں 25 سے 26 وزراء حلف لے سکتے ہیں۔ تاہم صرف 10 افراد کی فہرست سامنے آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پرمیشورا، راملنگا ریڈی، کے جے جارج، ایچ کے پاٹل، ایم بی پاٹل، ستیش جارکی ہولی، یو ٹی قادر، لکشمی ہیبالکر، ٹی بی جے چندر، ایچ سی مہادیوپا وزیر کے طور پر حلف لے سکتے ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ کانگریس 2024 کے لوک سبھا انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ کی فہرست تیار کر رہی ہے۔

یہ قائدین حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کئی وزرائے اعلیٰ اور قائدین کو دعوت نامے بھیجے ہیں اور انہیں ذاتی طور پر اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ کھرگے نے تمل ناڈو کے سی ایم ایم کے اسٹالن، مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی، بہار کے سی ایم نتیش کمار اور ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو، این سی پی کے سربراہ شرد پوار، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، این سی چیف فاروق عبداللہ کو دعوت نامے بھیجے ہیں۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین کو بھی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سی پی آئی جنرل سکریٹری ڈی راجہ، سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور ایس پی چیف اکھلیش یادو کو بھی بلایا گیا ہے۔

کے سی آر کا بی جے پی اور کانگریس پر طنز

تلنگانہ کے وزیر اعلی کے سی آر نے کرناٹک میں کانگریس کی جیت پر بھی تنقید کی ہے۔ تلنگانہ کے سی ایم کے سی آر نے کہا کہ 'حال ہی میں آپ نے کرناٹک کے انتخابات دیکھے ہیں، بی جے پی حکومت ہار گئی اور کانگریس حکومت جیت گئی۔ کوئی جیت گیا، کوئی ہار گیا۔ لیکن کیا تبدیلی آئے گی؟ کیا کوئی تبدیلی آئے گی؟ نہیں، کچھ نہیں بدلنے والا ہے۔ پچھلے 75 سالوں سے کہانی دہرائی جاتی ہے لیکن ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: Karnataka Cabinet سدارامیا اور شیوکمار کابینہ کی تشکیل، وزارت کی تقسیم پر بات چیت کے لیے دہلی روانہ

وزیر اعلی ممتا بنر جی شرکت نہیں کریں گی

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اپنے ایم پی کے نمائندے کو کرناٹک میں سدارامیا کی حلف برداری میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ انہیں اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ کرناٹک کے سی ایم کی تقریب حلف برداری سے دوری رکھتے ہوئے انہوں نے پروگرام میں اپنا نمائندہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ جانکاری دیتے ہوئے ایم پی ڈیرک اوبرائن نے کہا کہ ٹی ایم سی ایم پی کاکولی گھوش دستیدار بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے کرناٹک کے نامزد وزیر اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

Last Updated :May 20, 2023, 9:01 AM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.