ETV Bharat / state

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جموں پہنچے

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 27, 2023, 1:41 PM IST

Rajnath Singh reaches jammu مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ گزشتہ ہفتے راجوری میں ہوئے عسکری حملے کی تحقیقات کا جائزہ لینے کے لیے جموں پہنچے۔ سنگھ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور آرمی چیف کے ہمراہ راجوری میں فوج کے سینئر افسران سے بھی ملاقات کریں گے۔

Rajnath Singh reached jammu
Rajnath Singh reached jammu

راج ناتھ سنگھ جموں پہنچے

جموں (جموں کشمیر) : مزکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جموں پہنچنے کے ساتھ ہی یو ٹی جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور آرمی چیف کے ہمراہ سرحدی ضلع راجوری روانہ ہوئے۔ فوج کے سینئر افسران انہیں راجوری میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے اندر ڈیرہ گلی انکاؤنٹر کے بارے میں مکمل بریفنگ دیں گے۔ راج ناتھ سنگھ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ ساتھ کشمیر کی مجموعی اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے۔

وزیر دفاع کے دورے کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’جموں شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں بھی نگرانی بڑھائی گئی ہے۔‘‘ جموں شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ناکوں پر گاڑیوں کی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کئے جا رہے ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا فوج کی مبینہ مارپیٹ کے دوران ہلاک ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے ملاقات کریں گے اور انہیں سرکاری نوکری کے اپائنٹمنٹ لیٹر بھی سپرد کریں گے۔ تاہم وزیر دفاع کا لواحقین کے ساتھ ملاقات کے حوالہ سے حکام کی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ آج پونچھ، جموں کے دورے پر

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر ایک فوجی گاڑی پر حملہ کیا جس میں چار اہلکار ہلاک ہوئے۔ بعد ازاں فوجی اہلکاروں نے شہری علاقے کو محاصرے میں لیکر مقامی باشندوں کا زد و کوب کیا۔ مقامی باشندوں نے الزام عائد کیا کہ فوجی تشدد کے سبب تین عام شہری ہلاک ہو گئے۔ جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔ حکام نے اس ضمن میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی وہیں ایل جی انتظامیہ نے متاثرین کو سرکاری نوکری دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.