جموں وکشمیر: زیڈ مور ٹنل جون 2021، زوجیلہ ٹنل 2026 تک مکمل کی جائے گی

author img

By

Published : Jul 20, 2020, 10:37 PM IST

جموں وکشمیر: زیڈ مور ٹنل جون 2021، زوجیلہ ٹنل 2026 تک مکمل کی جائے گی

جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے پیر کے روز نیشنل ہائی وے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ آئی ڈی سی ایل) کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں کارپوریشن کی جانب سے جموں وکشمیر میں ہاتھ میں لئے گئے مختلف سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

میٹنگ مینیجنگ ڈائریکٹر این ڈی آئی ڈی سی ایل، مال، پاور ڈیولپمنٹ، تعمیرات عامہ محکموں کے انتظامی سیکرٹری، منیجنگ ڈائریکٹر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ جموں، جموں اور کشمیر کے ڈپٹی کمشنران، جموں، اودھمپور، اننت ناگ، گاندربل اور بارہمولہ کے ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ دیگر دوسرے افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ کشمیر میں دو اہم پروجیکٹوں جن میں زیڈ مور اور زوجیلہ ٹنل شامل ہے پر کام شد و مد سے جاری ہے اور زیڈ مور ٹنل پروجیکٹ 6.5 کلو میٹر ٹنل، 6 کلو میٹر رابطہ سڑک، دو بڑے اور ایک چھوٹا پل پر مشتمل ہے۔ پروجیکٹ جس پر 2379 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور 30 جون 2021 تک مکمل ہونے کی توقع ہے اور اس کی تکمیل سے سونہ مرگ کے لئے سال بھر سڑک رابطہ سہولیت دستیاب رہے گی۔

اس کے ساتھ ہی زوجیلہ پروجیکٹ پر بھی کام شروع کیا گیا ہے۔ پروجیکٹ میں 14.15 کلو میٹر ٹنل، زیڈ مور اور زوجیلہ ٹنل کے درمیان 18 کلو میٹر رابطہ سڑک کے علاوہ گاڑیوں کے لئے راستہ، دو برف گیلریاں، چار بڑے پل اور پسیوں کی حفاظت کے لئے حفاظتی باندھ شامل ہیں۔

پروجیکٹ پر 4430 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور جون 2026 تک اس کے مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس پروجیکٹ کے تکمیل لداخ کے لئے ہمہ سال سڑک رابطہ سہولیات دستیاب رہے گی۔

چیف سیکرٹری نے بارہمولہ ۔ گلمرگ، وائیلو ۔کھنہ بل، وائیلو۔ دونی پاوا، اشاجی پورہ سڑک رابطوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

جموں صوبہ میں سڑک رابطہ پروجیکٹ پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ قصوروار ٹھیکہ دار پر جموں ۔ اکھنور سڑک کے تیسرے پیکیج کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹ کو ادھورا چھوڑنے کی پاداش میں 25 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ پروجیکٹ پر دوبار عنقریب کام شروع کیا جائے گا۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر جموں نے کہا کہ 15 کلو میٹر سڑک کا حصہ مکمل کیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ حصہ 30 جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے ڈویژنل کمشنر جموں کو ٹھیکداروں کو مائیگرنٹ کامگاروں اور سازو سامان لانے کی اجازت دینے کے لئے کہا۔

تاہم اس ضمن میں کووڈ 19 وبا کی روکتھام کے لئے تمام لاگو قواعد و ضوابط اور پروٹوکال پر سختی سے کار بند رہنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

چیف سیکرٹری نے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے ان کی موثر نگرانی پر زور دیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.