ETV Bharat / state

وادی میں جے کے کیبز خدمات جلد

author img

By

Published : Aug 21, 2020, 8:26 AM IST

مرکزکے زیر انتظام جموں و کشمیر میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں کوتاہی کی وجہ سے عوام کی در پیش مشکلات کو کم کرنے کی غرض سے سرینگر کے ایک نوجوان نے منفرد پہل کی ہے۔

فاضل شوکت، مرکزی زیر انتظام علاقے میں اوبر کے طرز پر کیب سروسز شروع کرنے جا رہے ہیں
فاضل شوکت، مرکزی زیر انتظام علاقے میں اوبر کے طرز پر کیب سروسز شروع کرنے جا رہے ہیں

سرینگر کے صنعت نگر علاقے کے رہنے والے تعلیم یافتہ فاضل شوکت، مرکزی زیر انتظام علاقے میں اوبر کی طرز پر کیب سروسز شروع کرنے جا رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے اپنے ساتھ تقریباً وادی کے 300 کیب مالکان کو منسلک کیا ہے۔

فاضل شوکت، مرکزی زیر انتظام علاقے میں اوبر کے طرز پر کیب سروسز شروع کرنے جا رہے ہیں

ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے فاضل شوکت نے کہا کہ 'گزشتہ برس پانچ اگست سے وادی کے کیب مالکان نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ ٹورسٹ بھی نہیں ہیں اور عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ایسے میں وہ اپنے دن کیسے کاٹ رہے ہیں یہ خدا ہی بہتر جانتا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'میں نے جے کے کیبس کے بارے میں کافی وقت سے سوچا تھا لیکن کچھ ذاتی مشکلات کی وجہ سے شروع نہیں کر پایا۔ اب آئندہ جمعہ یا ہفتے کے روز جے کے کیبس جموں و کشمیر کی سڑکوں پر دوڑے گی۔'

جے کے کیبس کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ وادی میں آٹو رکشا والے من مانی کرتے رہتے ہیں۔ عوام سے ناجائز کرایہ وصول کرتے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ جے کے کیبس نہ مسافروں سے منزل یا اور کوئی دیگر سوال پوچھے گی۔ آپ کو بس ہمارے ٹول فری نمبر پر کال کرنی ہوگی۔ گاڑی آپ کے دروازے پر پہنچے گی اور آپ کو آپ کی منزل پر پہنچائے گی۔ کرایہ مناسب رکھا گیا ہے۔ فی کلو میٹر کا 14 روپے۔'

اوبر تو ایپ سے چلتی ہے اور وادی میں انٹرنیٹ خدمات کافی سست ہے تو ایسے میں جے کے کیبس کیسے کام کر سکے گی؟ اس سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'وادی کے حالات سے ہر کوئی واقف ہے۔ اسی لئے ہم آن لائن اور آف لائن دونوں طریقے سے اپنے صارفین سے جڑے رہیں گے۔ ہمارا ایپ ابھی تیار نہیں ہے۔ اس میں کچھ وقت لگے گا لیکن آف لائن کال سینٹر تیار ہے۔ آپ کال کرو اور گاڑی آپ کے دروازے پر حاضر ہو گی۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اکثر لوگوں کو شکایت رہتی تھی شام کو عوامی ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں ہوتی لیکن ہماری گاڑیاں رات 11 بجے تک عوام کی سہولت کے لیے تیار رہیں گی۔ حفاظت کے لحاظ سے ہمارے ایپ میں بھی بینٹن ہوگا۔ ہمارے تمام کیب ڈرائیور کی پولیس ویریفکیشن ہوچکی ہے۔ اسی لیے کسی بھی قسم کے خدشات یا حادثات کی گنجائش نہیں ہے۔ آنے والے جمعہ سے ہم انشاءاللہ اپنا کام شروع کریں گے۔'

جموں و کشمیر میں اس نئی کیبز خدمات سے مسافروں کو راحت ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.