ETV Bharat / state

ایک شاعر سیریز: گجرات کے مشہور شاعر مظہر رحمٰن

author img

By

Published : Aug 11, 2021, 12:05 AM IST

Updated : Aug 12, 2021, 8:54 PM IST

گجرات کے مشہور شاعر مظہر رحمٰن
گجرات کے مشہور شاعر مظہر رحمٰن

ای ٹی وی بھارت اردو کی خاص پیش کش 'ایک شاعر پروگرام' میں آج ہم بات کریں گے گجرات کے مشہور شاعر مظہر رحمٰن سے جنہوں نے متعدد مشاعروں میں کلام پیش کرکے سامعین کی داد حاصل کی۔

ای ٹی وی بھارت اردو کی جانب سے 'ایک شاعر' نام سے خاص پروگرام چلایا جارہا ہے جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں کے اردو شعراء سے گفتگو اور ان کی شاعری کے بارے میں باتیں کی جاتی ہیں۔ اس پروگرام میں شعراء کے شعری سفر کی ابتداء، یادگار مشاعرے و اردو شاعری کی جانب بڑھتے رجحانات کے حوالے سے خاص بات چیت ہوتی ہے۔

گجرات کے مشہور شاعر مظہر رحمٰن

آج کے اس پروگرام میں گجرات کے مشہور شاعر مظہر رحمٰن نے ای ٹی وی بھارت اردو کی نمائندہ روشن آراء سے خصوصی گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے اپنا شعری سفر اور مشہور کلام بھی پیش کیے۔ ان کا شمار گجرات کے مشہور شعراء میں ہوتا ہے۔

مظہرِ رحمٰن کا اصل نام محمد رحمان پٹھان ارجمند خان اور تخلص مظہر ہے۔ شعری دنیا میں وہ مظہر رحمٰن کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ مظہر رحمٰن کی پیدائش 9 اکتوبر سنہ 1959 کو ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں ہوئی اور ایم اے تک کی تعلیم بھی انہوں نے احمد آباد سے ہی حاصل کی۔

سنہ 1983 یعنی 22 سال کی عمر سے مظہر رحمٰن نے اشعار لکھنے شروع کئے اور گجرات میں ہونے والے مختلف مشاعروں و شعری نشستوں کی زینت بنے۔ مظہر رحمٰن خصوصاً غزلوں کے شاعر ہیں اس لیے انہوں نے 3 شعری مجموعے قلم بند کیے ہیں جن میں 'آنکھوں کی بستی'، 'پکارتا ہے دھواں' اور 'پتھروں کا شہر' شامل ہیں جب کہ ابھی دو شعری مجموعے زیر طبع ہیں۔ جن کا نام مظہر کبریا، رقص بسمل ہے۔

مظہر رحمٰن نے بتایا کہ گجرات ساہتیہ اکادمی کی جانب سے انہیں وظیفہ نہیں دیا جاتا اس لیے کچھ پریشانیوں کے سبب دو کتابیں ابھی چھپ نہیں سکیں۔ انہیں شاعری کا شوق بچپن سے تھا لیکن 22 برس کی عمر میں انہوں نے لکھنا شروع کیا اور آج ان کی کئی غزلیں مشہور ہوچکی ہیں۔

مظہر رحمٰن خوش فکر، خوش گو اور خوش رو شاعر ہیں۔ آنکھوں کی بستی ان کا پہلا شعری مجموعہ ہے۔ جس میں سنہ 1989 تک ان کی کہی غزلیں شامل ہیں ان کے کلام میں شگفتگی، دلکشی اور رنگینی کے ساتھ ساتھ جدیدیت بھی نظر آتی ہے اس لیے ہر موضوع پر انہوں نے خوبصورت غزلیں اور نظمیں لکھی ہیں۔

  • مظہر رحمٰن کے چند کلام ملاحظہ فرمائیں۔

میں تلاش وفا میں بھٹکتا رہا

بے وفا اپنا چہرہ بدلتا رہا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سامنے اس کے لُٹا ہے گلشن

سہما سہما سا شجر لگتا ہے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عزم کو سجدے کرے گی منزلیں

گردش حالات ہے تو کیا ہوا

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میرا رقیب میرا ہمنوا بنا کیسے

عجیب کھیل میرےساتھ یہ ہوا کیسے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایک آواز میرے ذہن سے ٹکراتی ہیں

میرے نغمے اسی آواز میں ڈھل جاتے ہیں

Last Updated :Aug 12, 2021, 8:54 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.