ETV Bharat / state

Wrestler Protest پہلوانوں کا کینڈل مارچ، پارلیمںٹ کی نئی عمارت کے سامنے خواتین کی مہا پنچایت کا اعلان

author img

By

Published : May 24, 2023, 9:37 AM IST

Etv Bharat
Etv Bharat

منگل کو دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کر رہے پہلوانوں نے انڈیا گیٹ تک کینڈل مارچ نکالا۔ اس دوران کئی رہنماؤں اور کسان تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ہی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس مارچ میں سابق گورنر ستیہ پال ملک بھی کھاپ کے نمائندوں کے ساتھ شریک ہوئے۔

پہلوانوں کا کینڈل مارچ، پارلیمںٹ کی نئی عمارت کے سامنے خواتین کی مہا پنچایت کا اعلان

نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پہلوانوں نے منگل کو جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک کینڈل مارچ نکالا۔ اس مارچ میں سابق گورنر ستیہ پال ملک بھی کھاپ کے نمائندوں کے ساتھ پہنچے۔ ان کے علاوہ پالم 360 گاؤں کے سربراہ سریندر سولنکی، کانگریس لیڈر کرشنا پونیا کے ساتھ ہزاروں افراد نے مارچ میں شرکت کی۔ اس دوران مارچ میں شامل حامیوں نے مرکزی حکومت اور برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ اس کے بعد پہلوان جنتر منتر واپس لوٹ گئے۔ ایک پریس کانفرنس میں خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے لوگوں کی محبت اور حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مارچ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جس کی وجہ سے ہمیں جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ہمارا یہ مارچ آسانی سے مکمل ہوا اور اس کے لیے ہم اہل وطن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'آج ہمیں احتجاج کرتے ہوئے ایک مہینہ ہو گیا ہے، لیکن ابھی تک ہمیں انصاف نہیں ملا۔ یہ لڑائی صرف ہماری نہیں بلکہ پورے ملک کی بیٹیوں کی ہے۔ انصاف ملے گا تو سمجھ لیں ان بیٹیوں کو انصاف ملے گا جن کے ساتھ ایسے واقعات ہوئے ہیں۔ ونیش پھوگاٹ نے مزید کہا کہ آنے والے 28 مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے خواتین کی مہاپنچایت ہوگی۔ ہماری کھاپ پنچایتوں سے بات چیت جاری ہے کہ ہماری مستقبل کی حکمت عملی کیا ہوگی۔ جو بھی فیصلہ ہوگا ہم اس کے مطابق ہی آگے بڑھیں گے۔ اس موقع پر پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ ریسلر ساکشی ملک نے کہا کہ یہ ملک کی بیٹیوں کی لڑائی ہے جس میں آپ سب کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا تاکہ ہمیں انصاف مل سکے۔ ہمیں انصاف دلانے کے لیے جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک مارچ میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا۔ ہماری تحریک کو ایک مہینہ مکمل ہونے کے بعد بھی انصاف ملنے کی کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: Wrestler Protest پہلوانوں کا احتجاج جنترمنتر سے باہر، پیدل مارچ کے ذریعے حمایت کی اپیل

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.