ETV Bharat / state

دہلی کے جامعہ نگر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر ورکشاپ کا انعقاد

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 26, 2023, 5:04 PM IST

Workshop on Disaster Management held at Jamia Nagar Delhi جامعہ نگر کے ابوالفضل میں واقع اسکالر اسکول میں سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کی جانب سے خواتین اساتذہ کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔

جامعہ نگر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر ورکشاپ کا انعقاد
جامعہ نگر میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر ورکشاپ کا انعقاد

نئی دہلی: جامعہ نگر کے ابوالفضل میں واقع اسکالر اسکول میں سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کی جانب سے خواتین اساتذہ کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ اس ورکشاپ میں سشیل کمار (سول ڈیفنس دہلی) نے خواتین اساتذہ کو ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے، گھر اور اسکول میں آگ لگنے کے دوران بچاؤ کے طریقوں اور زلزلے میں بچاؤ کی تربیت دی۔ پیرا میڈیکل سائیکو فزیوتھراپی کی تربیت پروفیسر بدرالاسلام کیرانوی (سابقہ ٹریننگ کمشنر، کے وی ایس بی ایس جی، وزارت برائے ایچ آر ڈی، حکومت ہند) نے دی، جو ہندوستانی میڈیکل سائنس کے میدان میں ایک باوقار شخصیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ ہندوستانی میڈیکل سائنس سے ماخوذ ہے۔ محترمہ سعدیہ یاسمین (اسسٹنٹ سیکرٹری، خواتین ونگ) نے اساتذہ کو رضاکارانہ خدمات کی اہمیت کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ اس ٹریننگ کے موقع پر ڈاکٹر شیبا اسلم فہمی (سماجی کارکن اور مصنفہ)، اریبہ خان (وارڈ کونسلر، ابوالفضل انکلیو) مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھیں۔ تمام مہمانان نے اس تربیتی پروگرام کو سراہا اور اسے شہر کی بہتری اور بیداری کے لیے ایک بہترین کاوش قرار دیا۔ مہمانوں نے کہا کہ اس سے اسکول میں زیر تعلیم طلباء کی فکری نشوونما ہوگی اور یہ ہمارے معاشرے میں آفات کے دوران زندگی بچانے والا ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: رییسلنگ کے بعد کھوکھو فیڈریشن کے خلاف کھلاڑیوں کی لڑائی جنتر منتر پہنچ گئی

تربیتی پروگرام کے اختتام پر سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے نیشنل کوآرڈینیٹر عرفان احمد نے کچھ اہم نکات بیان کیے جن میں عرفان نے سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کی جانب سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں کی جانے والی انتھک کوششوں کے بارے میں بتایا اور اس کی اہمیت پر زور دیا۔ اس تربیتی پروگرام میں تقریباً 50 اساتذہ نے حصہ لیا اور آفات کے دوران پیش آنے والے مسائل اور ان سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ واضح رہےکہ سوسائٹی فار برائٹ فیوچر قومی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں راحت اور بچاؤ کے کام کے لیے وقف ایک تنظیم ہے اور یہ تنظیم برسوں سے اس شعبے میں کام کر رہی ہے۔ سوسائٹی فار برائٹ فیوچر اب تک مختلف آفات سے بچاؤ کے لیے سیکڑوں ورکشاپ کا انعقاد کر چکی ہے اور قومی سطح پر ہزاروں تربیت یافتہ رضاکار موجود ہیں جو آفات کے دوران بچاؤ کے کام کے لیے وقف ہیں۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.