ETV Bharat / state

Haj Pilgrims With Traditional Hindu Names ہندو روایتی ناموں کے ساتھ حج پر روانہ ہوں گے 9 عازمین

author img

By

Published : May 21, 2023, 5:05 PM IST

9 عازمین حج کے نام اردو یا عربی زبان کے مطابق نہ ہوکر روایتی ہندو نام ہیں، جس پر حج کمیٹی آف انڈیا نے اعتراض ظاہر کیا تھا۔ اس اعتراض کے جواب میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے متعلقہ عازمین سے حلف نامہ بنوایا تاکہ اعتراض کو دور کیا جاسکے۔ اس کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی نے بحیثیت گورنمنٹ آفیسر ان 9 عازمین کے سرٹیفکیٹ تیار کیے اور اس بات کی تصدیق کی کہ یہ 9 عازمین پیدائشی مسلمان ہیں۔

ہندو روایتی ناموں کے ساتھ حج پر روانہ ہوں گے نو عازمین
ہندو روایتی ناموں کے ساتھ حج پر روانہ ہوں گے نو عازمین

ہندو روایتی ناموں کے ساتھ حج پر روانہ ہوں گے نو عازمین

دہلی: قومی دارالحکومت دہلی سے عازمین حج کی پروازوں کا سلسلہ 22 مئی سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ عازمین کی تمام کاغذی کاروائی بھی اپنے اختتام پر ہے۔ ایسے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے سفر حج پر جانے کی درخواست دے کر قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے 9 عازمین کے اسمائے گرامی پر حج کمیٹی آف انڈیا نے اعتراض کیا تھا، جس پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے اہم کردار ادا کرکے عازمین حج کے اس مقدس سفر کو یقینی بنایا۔ اب وہ تمام لوگ جن کے ناموں پر اعتراض تھا وہ سفر حج پر روانہ ہوں گے۔

ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ دراصل ان 9 عازمین حج کے نام روایتی مسلم نہ ہوکر روایتی ہندو نام ہیں، جس پر حج کمیٹی آف انڈیا نے اعتراض جتایا تھا۔ اس اعتراض کے جواب میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے متعلقہ عازمین سے حلف نامہ بنوایا تاکہ اعتراض کو دور کیا جاسکے لیکن حج کمیٹی آف انڈیا نے حلف نامہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔

اس کے بعد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد عارفی نے بحیثیت گورنمنٹ آفیسر ان 9 عازمین کے سرٹیفکیٹ تیار کئے اور اس بات کی تصدیق کی کہ یہ 9 عازمین پیدائشی مسلمان ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا اس تصدیق کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی درخواستوں کو قبول کرلیا۔

واضح رہے کہ ان میں ایک عازم کا نام نسیم ہے، جن کے دستاویز میں والد کا نام رام کمار لکھا ہے جب کہ ماں کا نام بانو ہے۔ اسی طرح ایک دوسرے عازم کا نام سورج بھان ہے جو روایتی ہندو نام ہے ان کے والد کا نام نیکی رام ہے اور والدہ کا نام لاڈو دیوی ہے۔ ایک اور نام سنیتا دیوی ہے، ان کے والد کا نام چھوٹو رام اور والدہ کا نام پریمو ہے۔ ایک عازم کا نام علی شیر ہے ان کے والد کا نام منگے رام اور والدہ کا نام چمیلی ہے اور بیوی کا نام راجونتی ہے۔ ایسے ہی ایک نام سنیل شوکین ہے ان والد کا نام ضلع سنگھ شوکین اور والدہ کا نام ہوشیاری ہے۔ وہیں ہوشیاری کے والد کا نام رندھیر ہے اور والدہ کا نام چندو بیگم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: First Convoy Left from Lucknow لکھنؤ حج ہاؤس سے عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ

ایسا نہیں ہے کہ ان ناموں کو غلطی سے ایسا لکھا گیا ہو بلکہ یہ نام سوچ سمجھ کر اپنی مرضی کے مطابق ہی رکھے گئے ہیں، نمائندے سے بات کرتے ہوئے اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ ایسے ناموں کی درخواستیں پہلے بھی آتی رہی ہیں لیکن حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اعتراض پہلی بار کیا گیا تھا اس لیے اس میں انہوں نے اپنے عہدے کا استعمال کرکے ان لوگوں کو سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے جس کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے ان درخواستوں کو قبول کیا۔

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.