ETV Bharat / state

بہتر سماج کی تشکیل کے لیے علما مل کر کام کریں: مولانا انعام اللہ فلاحی

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 4, 2023, 10:55 AM IST

Updated : Dec 4, 2023, 1:55 PM IST

'علماء ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں۔ ایک دوسرے کے قریب رہنے سے غلط فہمیاں دور ہوتی ہیں۔ ہمیں نبی اکرم ﷺ کی زندگی کو اپنا اسوہ بنانا چاہیے۔ ہم ایک دوسرے سے ملیں۔ ایک دوسرے کے احوال سے واقفیت حاصل کریں۔ مسجدوں میں ہماری گفتگو تفرقہ کے بجائے وحدتِ امت ہو۔' ان خیالات کا اظہار صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا انعام اللہ فلاحی، رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند حلقۂ دہلی نے کیا۔ Scholars Gather on one Platform, Work together to build a Better Society

Scholars Gather on one Platform, Work together to build a Better Society
Scholars Gather on one Platform, Work together to build a Better Society

نئی دہلی: دہلی کے جامعہ نگر میں ابو الفضل انکلیو کی مسجد اشاعتِ اسلام میں 'اسلامی معاشرہ کی تعمیر میں علمائے کرام کا کردار' کے عنوان سے ایک اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں جماعت اسلامی ہند حلقۂ دہلی کے رکن شوریٰ مولانا انعام اللہ فلاحی نے بطور صدر شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ 'قرآن کی تعلیم یہ ہے کہ ہم آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ اس پیغام کو پارہ پارہ کرنا ہمارا کام نہیں ہے۔ ہم ایک دوسرے کے خیرخواہ بنیں تو دھیرے دھیر ے اختلافات ختم ہوجائیں گے۔ ہمیں اسوۂ رسولﷺ کے مطابق زندگی گزارنی ہوگی۔ بہتر سماج کی تشکیل کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔' مجلس العلما اور آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام کا آغاز قاری عرفان کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ جب کہ مولانا ضمیر اعظمی فلاحی اور مولانا حمید الدین فلاحی نے خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام پیش کیے۔

مفتی سہیل احمد قاسمی نے مجلس العلماء حلقۂ دہلی کا تعارف پیش کیا اور اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ علماء کے اندر قائدانہ صلاحیت ہے۔ اس صلاحیت کو مثبت رخ دینے کی ضرورت ہے۔ ایک دوسرے کا احترام اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحابہ کرام ؓ بھی اختلافات کے باوجود آپس میں ایک دوسرے کا بہت احترام کرتے تھے۔

مولانا شمشاد قاسمی نے اس بات پر زور دیا کہ علماء کو نیکی کا حکم دینا چاہیے اور برائیوں سے روکنا چاہیے۔ جب لوگ برائی کو روکنے کی طاقت رکھنے کے باوجود نہیں روکتے تو اللہ تعالیٰ ان پر عذاب نازل کرتا ہے۔ مولانا اکرام الحق قاسمی نے کہا کہ داعی کو دعوت کی صفات سے متصف ہونا ضروری ہے۔ علماء بہتر طور پر اپنا کردار ادا نہیں کر رہے ہیں۔ آج ہم نفع پہنچانے کے بجائے نفع حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔

مولانا ارشد سراج الدین مکی نے اسلامی قدروں کو پروان چڑھانے پر زور دیا۔ مولانا شریف نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام کی حقانیت ہمارے دلوں کی گہرائیوں میں اتر جائے۔ اس کے علاوہ دیگر ائمہ و علمائے کرام مولانا یحییٰ قاسمی، مولانا لقمان، مولانا عبد النور، مولانا زین العابدین ہاشمی، مولانا نعمان ندوی وغیرہ نے اسلامی معاشرے کی مختلف ایشوز میں رہنمائی اور ان کا حل پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

جماعت اسلامی ہند یوتھ ونگ کی اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل

پروگرام کے آخر میں آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد عارف ندوی نے وژن 2026 کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے بہت سے پروجیکٹ ایسے ہیں جن سے ائمہ مساجد اور مؤذنین مستفید ہو سکتے ہیں۔ ٹرسٹ ان کی اور ان کی فیملی کے لیے بھی مفت طبی چیک اپ کا انعقاد کرے گا۔

ڈاکٹر محمد عارف ندوی نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ہی ٹیکنیکل صلاحیت کو پروان چڑھانے کے لیے ائمہ مساجد اور مؤذنین کے لیے ایک کمپیوٹر کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں وہ کمپیوٹر کی ابتدائی تعلیم مفت میں حاصل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ ان کو چھوٹے کاروبار اور تجارت کے تعلق سے بھی رہنمائی فراہم کرنے، گورنمنٹ کی اسکیموں سے متعارف کرانے جیسے امور میں ان کی مدد کی جائے گی تاکہ معاشرے کی تعمیر میں وہ اپنا بہتر کردار ادا کرسکیں۔ قاری عبدالمنان، معاون صدر مجلس العلماء حلقۂ دہلی کے کلمات تشکر اور مفتی حشام الدین کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد احمد اللہ قاسمی معاون صدر مجلس العلماء حلقۂ دہلی نے انجام دیے۔

Last Updated :Dec 4, 2023, 1:55 PM IST
ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.