ETV Bharat / state

رام مندر تقریبات سے متعلق ملی ذمہ داران کا مشترکہ بیان

author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jan 6, 2024, 4:25 PM IST

Joint statement of Muslim Scholars on Ram Mandir Celebrations ایودھیا میں رام مندر سے متعلق مجوزہ تقاریب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں ہمارے نزدیک تشویش کا باعث ہیں۔ عین انتخابات کے قریب ملک بھر میں جس طرح تقاریب منعقد کی جارہی ہیں اور جس بڑے پیمانے پر ان کو سرکاری سرپرستی فراہم کی جارہی ہے ، وہ نہ صرف ملک کے سیکولر دستور کے خلاف ہے بلکہ منصفانہ انتخابات کی روح سے بھی متصادم ہے۔

Etv Bharat
Etv Bharat

دہلی: ایودھیا میں رام مندر سے متعلق مجوزہ تقاریب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں ہمارے نزدیک تشویش کا باعث ہیں۔ عین انتخابات کے قریب ملک بھر میں جس طرح تقاریب منعقد کی جارہی ہیں اور جس بڑے پیمانے پر ان کو سرکاری سرپرستی فراہم کی جارہی ہے ، وہ نہ صرف ملک کے سیکولر دستور کے خلاف ہے بلکہ منصفانہ انتخابات کی روح سے بھی متصادم ہے۔ ہم اس موقعے پر اپنے اس موقف کا بھی اعادہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ بابری مسجد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہم مطمئن نہیں ہیں۔ کورٹ نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ اس بات کی کوئی شہادت موجود نہیں ہے کہ بابری مسجد کسی مندر کو توڑ کر بنائی گئی تھی اور یہ کہ بابری مسجد کا تالہ توڑ کر اس میں مورتیاں رکھنے کا عمل اور پھر اس کی مسماری مجرمانہ کاروائیاں تھیں، لیکن ان باتوں کو تسلیم کرنے کے باوجود کورٹ نے محض عقیدے کو بنیاد بنا کر مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کے لیے دے دی۔

اجلاس کو اس بات پر بھی تشویش ہے کہ مذہبی مقامات (خصوصی اہتمام) قانون 1991 کے موجود ہونے کے باوجود اور اس قانون کے سختی سے نفاذ سے متعلق سپریم کورٹ کی اپنے مذکورہ فیصلے میں یقین دہانی کے باوجود ، عدالتیں، دیگر مسجدوں پر دعووں کی بھی سنوائی کر رہی ہیں۔ یہ رویہ عدالتی نظام پر ملک کے انصاف پسند عوام کے اعتماد کو مجروح کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ اس پس منظر میں بھی رام مندر کی مجوزہ تقاریب متنازعہ بن جاتی ہیں اور اس میں حکومت کی فعال شرکت کسی سیکولر ملک میں پسندیدہ نہیں قرار پاسکتی۔

ان حقائق کے اظہار کے ساتھ ہم مسلمانوں اور ملک کی عوام سے یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان حالات میں ملک میں امن وامان کی برقراری کی ہر ممکن کوشش کریں۔ مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی کوششیں ہو سکتی ہیں لیکن ہمیں ان حالات سے ہر گز ہر گز مایوس نہیں ہونا چاہیے اور نہ صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے جانے دینا چاہیے اور یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ملک میں فرقہ وارانہ فضا کو بہتر بنائے رکھنا، نفرتوں اور غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا اور اہل ملک پر سچائی کو واضح کرنا، یہی ان مسائل کا حقیقی اور دیر پا حل ہے اور ہم صبر و استقامت کے ساتھ اس حل پر عمل کرنے کی سنجیدہ اور مسلسل کوشش کرتے ہیں۔

ہم یہ بھی اپیل کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر میڈیا میں غیر ذمہ دارانہ بیانات اور اظہار خیال، سوشل میڈیا پر نامناسب مباحث ، اور اشتعال انگیز ویڈیوز یا مواد کو فارورڈ کرنے سے بھی سختی سے گریز کیا جائے اور فرقہ پرستوں کو حالات کے استحصال کا کوئی موقع فراہم نہ کیا جائے۔


دستخط کنندگان
مولانا محمود اسعد مدنی
سید سعادت اللہ حسینی
مولانا سید محمد اشرف کچھوچھوی
مولانا احمد ولی فیصل رحمانی
مولانا اصغر علی امام مہدی
مولانا تنویر ہاشمی
ملک معتصم خان
ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس
عبد السلام پیتی گے
مجتبی فاروق
محمد سلیم انجینئر
مولانا شبیر احمد حسنی ندوی مقبول احمد سراج

ETV Bharat Logo

Copyright © 2024 Ushodaya Enterprises Pvt. Ltd., All Rights Reserved.